وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے اقدامات کی بدولت ملک گزشتہ حکومتوں کی طرف سے ورثے میں ملنے والے بڑے اقتصادی بحرانوں سے نکل آیا ہے اور معیشت اب مستحکم ہے۔
ترکی کے خبر رساں ادارے انادولو کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے حسابات جاریہ کا خسارہ تقریباً 75 فیصد کم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے ،معیشت بہتر اور سٹاک مارکیٹ درست سمت میں گامزن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جسے اب برقرار رکھنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت کےلئے اب اگلا چیلنج مہنگائی میں کمی لانا اور ملک میں ترقی کا عمل شروع کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نظم و نسق بھی بہتربنارہے ہیں اور کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار صف اول کے ان دس ملکوں میں ہوتا ہے جہاں کاروبار میں آسانی کے حوالے سے 28 درجے بہتری آئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم نے درست سمت میں پیشرفت جاری رکھی تو پاکستان سرمایہ کاری کا مرکز بن جائے گا۔