p613 390

مشرقیات

روز روز کی سیاسی توتکار سے بہتر ہے بندہ زلف یا ر کی بات کرے ،لب ورخسار کے قصیدے پڑھے۔ہمارے ایک دوست تو اس خیال کے ہیں کہ بندہ بیوی کی تعریف میں شعر وشاعری سے کام لے یا پھر موٹرسائیکل پر بیوی کے ساتھ لانگ ڈرائیو پر نکل جایا کرے تو شاعری اورموٹرسائیکل کی سواری نے میاں بیوی کو یک جان دو قالب کر دینا ہے ‘ان کے خیال میں تمام ازدواجی جھگڑوں سے نجات شاعری یا پھر موٹر سائیکل کی سواری میںہے۔ایک دن ہم نے انہیں خود بھی اس کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے یک جان دوقالب بنے موٹرسائیکل پر دیکھا تو اگلے دن ملاقات پر بھابھی کے سامنے ان کے محبت بھرے” راہ سلوک”کا ذکر چھیڑ بیٹھے۔ ہمارا خیال ہی نہیں گیا کہ وہ ہمیں کن انکھیوں سے محبت بھری داستان سنانے سے باز رکھنے کی کوشش کرر ہے ہیں اور تو اور ہم کو یہ بھی اندازہ نہیں ہو سکا کہ بھابھی کا داستان سنتے سنتے پہلے حیرت سے چہرہ کیوں متحیر ہوااوربعد میں آتش ناک۔ وجہ ہمیں تب سمجھ آئی جب دوست نے رخصت کرتے ہوئے ہماری تشریف پر ایک لات مارتے ہوئے بتایاکہ موٹر سائیکل پر وہ بیوی کی بجائے اس روز اپنی ایک کولیگ کے ساتھ یک جان دو قالب نظر آئے تھے تب ہمیں ایک اور بات کا بھی پتہ چل گیا کہ موٹر سائیکل بے شک جوڑوں کو جوڑے رکھتی ہے بلکہ ایک ہی بندے کے کئی جوڑ بنانے میں بھی اس کا کلیدی کردار ہے۔موٹر سائیکل کی کارستانی بارے تو آپ نے سن لیا اب آئیں شعر وشاعری کی طرف۔۔۔
ہمارے دوست کی طرح مجال ہے کسی شاعرنے بھی بیوی کو اپنی شاعری میں لفٹ دی ہو،اچھا شاعر وہی ہوتا ہے جو پرائی بیوی کی تعریفوں میں زمین آسمان کے قلابے ملاتے ہوئے اس سے داد اور اپنی بیوی سے جلی کٹی سنے۔ایسے ہی ایک شاعر نے جب اپنی تازہ غزل سنانے کے لئے ایک باحجاب راہ چلتی حسینہ پر مصرعہ کسا تو جواب میں گھر جا کر دیکھتی ہوں تجھے ‘ اُس کا جملہ مانوس آواز میں سننے کے بعد اگلے دو دن کسی دوست کے گھر پناہ گزین رہے۔ایک اور شاعر نے تو حد ہی کر دی رات کے کسی پہر انہیں محبوبہ کے جمال بے مثال نے اکسایا تو وہ چھت پر جا کر گنگنانے لگے ان کی غزل میں محبوبہ کے لب ورخسار کے صدقے واری جانے کی تمام واردات ہی نہیں تھی بلکہ اس کے نام کے ہجے تک بیان کئے گئے تھے شومئی قسمت سے اس کی ہم نام خاتون ساتھ والی چھت پر اپنے مجازی خدا کی بانہوں میں تھی۔بزبان شاعر اپنی منکوحہ کا نام سنتے ہی اس غیرت مند نے شاعر کی گردن جو دبوچی تو سنا ہے اگلے تین دن تک شاعر جسم کی ٹکو ر کرواتے رہے۔اب آ پ ہی بتائیں موٹر سائیکل کی سواری ہو یا شاعری بندے کو بیوی سے یک جان دو قالب کرنے کی بجائے پٹوانے میں ان کا کلیدی کردار ہے کہ نہیں ؟

مزید پڑھیں:  ہر سال عید پر پیش آنے والے حادثات