coronavirus 1

بے رحم کورونا وائرس مزید 62جانیں نگل گیا

ویب ڈیسک (اسلام آباد)کورونا کے وار جاری ،پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وبا کے باعث مزید 62 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ملک بھر میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 23 ہزار 422 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 5 ہزار 26 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 34 ہزار 837 ہو گئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 56 ہزار 965 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.82 فیصد رہی۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 59 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 6 ہزار ایک، خیبرپختونخوا 4 ہزار 462، اسلام آباد 803، گلگت بلتستان 144، بلوچستان میں 328 اور آزاد کشمیر میں 625 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد تین لاکھ 82 ہزار 865، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 44 ہزار 264، پنجاب میں تین لاکھ 56 ہزار 920، اسلام آباد میں 87 ہزار 699، بلوچستان میں 30 ہزار 432، آزاد کشمیر میں 24 ہزار 501 اور گلگت بلتستان میں 8 ہزار 156 ہو گئی ہے۔