CM-kp-Meeting

پشاور میں جدید فرانزک لیبارٹری کے قیام کی منظوری

پشاور (ویب ڈیسک): وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کے نئے منظور شدہ قوانین کے تحت رولز سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔اجلاس میںہدایت کی گئی کہ جن نئے قوانین کے تحت رولز ابھی تک نہیں بنے متعلقہ محکمے ایک مہینے کے اندر رولز بنا کر کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کریں، ایک مہینے کے اندر رولز کابینہ میں پیش نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ محکمے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔اجلاس کو بتایا گیاکہ کابینہ نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں قائم اسکلز لیب کو چلانے کے سلسلے میں ٹکنیکل افرادی قوت کی بھرتی کے لئے پی جی ایم آئی کے رولز میں ترامیم کی منظوری دے دی، اجلاس میں چین اور خیبر پختونخوا کے دو دو شہروں کو جڑواں شہر قرار دینے کے لئے مفاہمت کے یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی گئی، جس کے تحت یی چانگ اور ہری پور جبکہ کومنگ اور ایبٹ آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز ہے، اجلاس میں ازبکستان کے شہر ترمیز اور پشاور کو بھی جڑواں شہر قرار دینے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی، کابینہ نے اسپیشل پولیس فورس کے 98 شہدا کے ورثا کو شہدا پیکج دینے کی منظوری دیدی,کابینہ ارندوگول میں رکھی ضبط شدہ 1.494 ملین کیوبک فٹ لکڑی کو محفوظ بنانے کے لیے محکمہ جنگلات کو درکار 525ملین روپے ایڈیشنل گرانٹ کی منظوری دی۔ کابینہ نے خیبر پختونخوا پروٹیکٹڈ فارسٹ مینجمنٹ رولز 2005 میں قانونی سقم کی دوری اور غیر رجسٹرڈ پاور آف اٹارنی والے مالکان کو رائلٹی ادائیگی کے لیے ترامیم کی منظوری دے دی۔صوبے میں بجلی پیداوار میں خودکفالت,زیر تکمیل اور نئے ہائیڈل پراجیکٹس کے لیے فنڈز دستیابی یقینی بنانے کے لیے بزنس ماڈل اور سٹریٹیجی کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ سوات میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے لیے مزید اراضی فراہمی کے لیے نظرثانی نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔سکول بیگز کے وزن سے متعلق کے پی سکول بیگ لمیٹیشن آف ویٹ رولز2021 کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پشاور میں عالمی معیار کی فرانزک لیبارٹری قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2017میں ضروری ترامیم کی کابینہ نے منظوری دی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ کے احکامات نظر انداز، ٹانک میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری