fawad-chaudhry

امریکہ نے انخلا کا فیصلہ ہم سے پوچھ کرنہیں کیا،فواد چوہدری

ویب ڈیسک:وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے خطے کی موجود صورتحال پر کہا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا ونگ کی رپورٹ میں پاکستان کو درپیش ہائبرڈ وار کی ایک جھلک پیش کی گئی ہے ۔ففتھ جنریشن وار اور ہائبرڈ وار ایک فلسفہ نہیں، ہمارے سامنے موجود ایک حقیقت ہے۔امریکہ آج دنیا کی سپر پاور اس لئے ہے کہ اس کے ہمسایہ میں امن ہے جبکہ پاکستان کی ایک جانب بھارت اور دوسری جانب افغانستان ہیں، اس لحاظ سے ہمارے خطے کو کچھ مسائل درپیش ہیں، ہمیں اپنے زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کرنا ہوتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ سوویت یونین نے 1979میں افغانستان پر قبضہ کیا، اسامہ بن لادن نے نیویارک پر حملہ کیا، امریکہ نے افغانستان سے انخلاکا فیصلہ کیا، یہ تمام فیصلے ہم سے پوچھ کر نہیں ہوئے لیکن ان کے اثرات کا ہمیں سامنا کرنا پڑا۔ہمیں اصل اور جعلی خبر میں فرق تلاش کرنے کا چیلنج درپیش ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں جب ٹی ایل پی کے خلاف آپریشن شروع ہوا تو تین گھنٹوں کے دوران ہزاروں ٹویٹس ہوئے کہ کراچی میں سول وار شروع ہو گئی ہے، ان سارے ٹویٹس میں ہندوستان کا بڑا ہاتھ ہے ۔ہندوستان سے ایک مسلک کے بارے میں بھی بہت سے ٹویٹس آئے، ریاست مخالف بیانیہ کو بھارت سے سپورٹ ملی۔ فرقہ وارانہ فسادات کے پیچھے سب سے بڑا ہاتھ بھارت میں بیٹھے اینٹی پاکستان عناصر کا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب پہلی بار وزیر اطلاعات بنا تو اس وقت میں نے کہا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا رسمی میڈیا کی جگہ لے گا، 2018میں وزارت خزانہ کو خط لکھا کہ ایڈورٹائزنگ جس طرح آگے بڑھ رہی ہے آئندہ دو سے تین سالوں میں فارمل میڈیا ایڈورٹائزنگ پیچھے رہ جائے گی جبکہ ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ آگے بڑھے گی ۔ہمیں ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ پر نظر رکھنی ہے، اس کو ریگولیشن میں لانا بہت ضروری ہے، ہمیں جعلی، فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز خبروں پر سوچنے کی ضرورت ہے، ہم پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کر رہے ہیں، ہمارا مستقبل ڈیجیٹل میڈیا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا اسمبلی :مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے کا حکم