جوتے پہننے کی مہلت بھی نہیں ملی

جوتے پہننے کی مہلت بھی نہیں ملی ،پیسہ ساتھ نہیں لایا ،اشرف غنی

ویب ڈیسک :اتوار کو ملک سے فرار ہونے والے افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی نے ایک پیغام میں کہا کہ وہ ایک "بڑی سازش” اور "تباہی” کو روکنے کے لیے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے جس میں "افغانستان کے تاریخی دشمن” "ملوث تھے۔متحدہ عرب امارات میں پناہ لینے والے اشرف غنی نے فیس بک پر پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اتوار کو کابل میں وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر میں سکیورٹی کی صورتحال کی معلومات لینے کے لیے گئے تھے ، لیکن ان کی سکیورٹی ٹیم نے انہیں باہر نکال لے گئی۔غنی نے پیغام میں کہا کہ طالبان کے کابل میں داخل نہ ہونے کے وعدے کے باوجود ، طالبان کے ارکان نے اتوار کو صدارتی محل کو گھیر لیا تھا اور افغان سکیورٹی حکام نے اپنا کنٹرول کھو دیا تھا۔واضح رہے کہ اشرف غنی ، ان کے قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب ، صدر کے انتظامی دفتر کے سربراہ فضل محمود فضلی اور 50 کے قریب دیگر حکام اتوار کو غنی کی سکیورٹی ٹیم کے ہمراہ ملک چھوڑ گئے۔ان الزامات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہ انہوں نے مبینہ طور پر بڑی رقم اپنے ساتھ لی تھی ، غنی نے کہا کہ انہوں نے اپنے ساتھ کوئی پیسہ نہیں لیا اور یہاں تک کہ وہ اپنے جوتے تبدیل کرنے یا ذاتی دستاویزات یا کمپیوٹر بھی نہیں لے سکے۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام ای سی ایل سے خارج