Mashriqyat

مشرقیات

خبرآپ نے پڑھ لی ہوگی،اتنا بڑا کارنامہ ہماری نئی پود نے سرانجام دیا ہے اورمجال ہے کہ کسی ایک نے بھی اسے سراہنے کے لئے کوئی سر سنگیت اٹھایا ہو،سب ہی یا تو افغانستا ن یا پھر مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والی حرکتوں کی وجوہات میں دلائل کے انبار لگانے میں مصرو ف ہیں،ویسے مینار پاکستان کے سائے تلے جن جوانوں نے کاہمارا سر فخر سے بلند کیاہے انہی نوجوانوں نے ہی تازہ ترین کارنامہ بھی سرانجام دیاہے۔یہ انجینئرنگ کے لئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ تھے۔یعنی نوجوانوں کی قابلیت کا ٹیسٹ کیس تھا۔جس میں 99فیصد امیدواروں نے فیل ہوکر اپنے والدین کی امیدوںکو ہی نہیں اپنی نگینے جیسی جوانی کو بھی خاک میں ملا دیا ہے۔
ادھر قوم کے غم میں رات دن سرکا ری دسترخوان پر دنیا بھر کی نعمتیں بغیر ڈکار کے ہضم کرنے والے حکام اعلیٰ وبالا کی تعلیمی کارکردگی کا پول بھی اس جوان نسل نے کھول کر رکھ دیا ہے اور تو اور وہ بڑے بڑے نجی تعلیمی ادارے بھی بے نقاب ہوگئے ہیں جو پیسے کے بل بوتے پر نتائج خرید کر اپنے ہاں پڑھنے والے بچوں کے والدین کو بے وقوف بناتے رہتے ہیں۔سچی بات تو یہ ہے کہ اس قوم میں بہت سے لوگ بنے بنائے بے وقوف ہیں ایک دوسرے کی بے وقوفی سے ہی بہت سوں کا رزق روزگار بندھا ہوا ہے۔اب تو ڈیجیٹل زمانہ ہے بے وقوف بنانے کے ڈیجیٹل طریقے بھی ”لوٹ مار چھین شادباد ”کا ترانہ بن چکے ہیں۔آن لائن کلاسز کے نام پر علم فروشی کا نیا دھندا شروع کر دیا گیا ہے کسی کو سامنے پڑی کتا ب نظرہی نہیں آرہی۔
بہرحال مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والے واقعہ سے فرصت ملے تو تعلیمی بدحالی کی مرثیہ خوانی کی محفل بھی سجا لیجئے گا،فی الحا ل تو گزشتہ ایک ہفتے سے سوشل میڈیا پر گریٹر پارک اقبال ہی کا تذکرہ ہے ،یہ پارک بھی اسی شاعر کے نام سے منسوب ہے جو کہہ گئے تھے ”سبق شاہیں بچوں کو دے رہے ہیں خاکبازی کا”۔انہوں نے جوانوں سے محبت کا دعویٰ بھی کیا تھا تاہم یہ مشروط تھا ستاروں پر کمند ڈالنے سے۔خواتین کے پیچھے پڑکر ظفر مندی کی داد پانے والے ستاروں کی تسخیر سے تائب ہوچکے ہیں ،توبہ تائب ہونے کا تازہ ترین ثبوت انٹری ٹیسٹ میں فیل ہونے والے امیدواروں کے اعدادوشمارہیں۔7,741نوجوانوں نے ٹیسٹ دیا،7,273فیل ہوگئے،414غیرحاضر رہے باقی رہ گئے 54نوجوان جو امیدوں پر پورا اترے۔لکھ کر رکھ لیں یہ 54بندے دوچار سال بعد ملک چھوڑکر روشن مستقل کی تلاش میں ادھر ہی رخ کریں گے جہاں انہیں روشنی نظر آئے گی۔ہمارے پلے کیا رہا کیا یہ ماتم کا مقام نہیں ہے؟

مزید پڑھیں:  جگر پیوند کاری اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹرز کا قیام