Shazray

قومی ہم آہنگی کی سعی

افغانستان کے معاملے پر پارلیمانی اور عسکری قیادت میں مفاہمت ہونا فطری امر ہے حالات کا تقاضا ہے کہ نہ صرف بعض اہم قومی معاملات پر ہی ہم آہنگی کا اظہار کیا جائے بلکہ وقت اس امر کا متقاضی ہے کہ ملکی سطح پر ہم آہنگی کی فضا پیدا ہو۔ اس حوالے سے اگرچہ سیاسی قیادت پر بڑی ذمہ داری عائدہوتی ہے لیکن عسکری قیادت کو اس کی سعی کرنا پڑتی ہے ماضی میں بھی اہم مواقع پر قومی طور پر ہم آہنگی کی فضا کے قیام کے لئے عسکری قیادت کی کاوشیں قابل ذکر رہی ہیں اس مرتبہ بھی آرمی چیف اس کے لئے کوشاں ہیںگزشتہ روز کا اجلاس اسی حوالے سے اہم پیشرفت ہے ہم سمجھتے ہیں کہ ملکی سیاسی قیادت بشمول حزب اختلاف اور عسکری قیادت کے درمیان سیاسی معاملات سے ہٹ کر جس ہم آہنگی کی ضرورت ہے اس کی کمی محسوس ہوتی ہے حزب اختلاف عسکری قیادت سے اقتدار اور حکومت کے معاملات میں شاکی ہے جسے دور کئے بغیر حقیقی معنوں میں قومی ہم آہنگی کا فروغ ممکن نہیںجب تک سیاسی معاملات کو الگ تھلگ نہیں رکھا جاتا اور قومی معاملات میں یکساں موقف اور طرز عمل اپنانے کی راہ میں سیاست ‘ سیاسی معاملات اور مداخلت دخیل ہوگی ہم آہنگی کے مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہ ہو گا ایک مرتبہ سارے معاملات کو اس طرح سلجھانے کی ضرورت ہے کہ کوئی الجھائو ابہام باقی نہ رہے اور کسی کی مداخلت و جانبداری کی شکایت نہ ہو اس کے بعد ہی معاملات کی سمت درست ہو سکے گی ۔
قیمتوں کا جائزہ اور ہدایت کافی نہیں
وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کی ایک مرتبہ پھرہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے لہذا چیف سیکرٹریز بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام خصوصا منڈی اور پرچون میں غیر منطقی فرق کو ختم کرنے کے حوالے سے ہر ممکنہ انتظامی اقدام کو یقینی بنائیں ۔وزیر اعظم عمران خان ہر بار اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی حکومتوں اور چیف سیکرٹریز کو اسی طرح کی ہدایت کرتے ہیں لیکن اس پر عملدرآمد کا کبھی جائزہ نہیں لیا جاتا وزیر اعظم اگر اس مرتبہ بھی ہدایت کرنے کی بجائے اقدامات کا جائزہ لیکر عوام کو ان کی گزشتہ ہدایات پر عملدرآمد کے نتائج سے آگاہ کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ جن حالات میں وزیر اعظم ہدایات جاری کرتے ہیں جب تک حالات میں تبدیلی اور بہتری نہ آئے تو چیف سیکرٹریز کے پاس مارکیٹ میں مسابقت کے ذریعے اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانے کا کوئی ذریعہ اور طریقہ کار موجود نہیں قیمتوں کے تعین اور پیداواری لاگت ہر دو کے درمیان تعلق اور زراعت پر اٹھنے والے اخراجات کھیتوں سے لیکر منڈیوں تک اور آڑھتیوں کے ہاتھوں سے ہو کر پرچون فروش اور عام آدمی تک آتے آتے ہر چیز کی قیمت دوگنا سے بھی زیادہ ہو جاتی ہے عوام اشیائے خوردنی اور رز مرہ اشیاء کی قیمتوںمیں کمی میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں عمومی مہنگائی اپنی جگہ ایک بڑا مسئلہ ہے حکومت اگر اشیائے خوردنی اور رزمرہ اشیاء کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے میں ہی کامیاب ہو تو عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔
تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کے تقاضے
تعلیمی اداروں میں ڈرگ ومنشیات کے استعمال کی روک تھام سے متعلق مختلف تجاویز و قانونی پہلوئوں کا جائزہ اور یونیورسٹیوں، سکولز اورکالجز میں ڈرگ کے استعمال کو روکنے کیلئے انسدادمنشیات کے اداروں کے کردار اور ان کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق مجوزہ قانون سازی اور حکومتی سطح پر ایک جامع پالیسی تشکیل دینے پر اتفاق کے بعد اس حوالے سے قانون سازی اور عملی اقدامات وقت کا تقاضا ہیں۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے عادی طلباء کو اس جان لیواعادت سے چھٹکارادلانے اور دیگرطالب علموں کو محفوظ رکھنے کیلئے ڈوپ ٹیسٹ کرانے کی تجویز قبل ازیں بھی آئی تھی لیکن بات آئی گئی ہو گئی تھی ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک صائب تجویز ہے جس کے حوالے سے تعلیمی اداروں کے سربراہوں اور والدین کو اعتماد میں لیکر عمل درآمد کا آغاز ہونا چاہئے۔

مزید پڑھیں:  کور کمانڈرز کانفرنس کے اہم فیصلے