مشرقیات

کوسنے دینا خواتین کی فطرت میں شامل ہے خاتون خواہ وزیر ہی کیوں نہ ہو ا نسانی حقوق کی بات کرتی ہو دانشور ہو لکھاری او رکالم نگار ہو تجزیہ کار ہو جو بھی ہو جب اپنی فطرت کے مطابق بولنا شروع کرے تو بڑے بڑوں کو پیچھے چھوڑ جائے۔کل ہی سینئر رفیق کار سے ڈاکٹر شیریں مزاری کے بیان پر گفتگو ہوئی تھی ان کے الفاظ کے حوالے سے خاص طور پر بات ہوئی لیکن ان کی آڈیو یا ویڈیو ہم نے سنی نہ تھی اس لئے بات آگے نہ بڑھ سکی اب خود ان کا بیاں سماعت کرکے اطمینان ہوا کہ یہ انہی کی باتیں ہیں۔وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کے گفتگو کی ٹرانسکرپٹ سے بہتر آج کوئی موضوع نظر نہ آیا آپ بھی ملاحظہ فرمائیں۔پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کاکہناہے کہ امریکہ تسلیم کرے کہ اسے افغانستان میں شکست ہوئی ہے۔ اب طالبان کو وقت دینا چاہئے۔ اگر دنیا کے بڑے ممالک اور ادارے ایک فاتح قوت کے خلاف جارحانہ رویہ رکھیں گے تو وہ (طالبان)بھی ردعمل دکھائیں گے ۔ آپ طالبان کو ہٹانے آئے تھے اب آپ بھاگ گئے اور طالبان پھر آگئے۔آپ افغان نیشنل آرمی بنا رہے تھے کدھر گئی وہ فوج؟46ملکوں کی فوج تھی اور طالبان بغیر خون خرابے کے خود ہی پاور میں آگئے۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بڑے قصے چل رہے ہیں کہ پاکستان نے طالبان کو اتنے سال ٹریننگ دی۔ میری بات سنیں پاکستان سپر پاور ہے کہ جو دنیا کے 46 ٹاپ ممالک اور امریکہ کو شکست دے سکتی ہے ۔ یہ تو شکر ہے کہ جنگ ہوئی نہیں ورنہ اور الزامات لگنے تھے۔ ہار مانیں اپنی غلطیاں مانیں آپ کا ایجنڈا کنفیوز تھا آپ نے کچھ نہیں کیا افغانستان میں۔ اب جب افغان واپس آئے اور غیر ملکیوں کو نکالا ہے میں کہتی ہوں ان کو ٹائم دیں۔لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان طالبان کا حامی ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر ایک حکومت آتی ہے جو ہمارے ساتھ دوستی رکھتی ہے تو ہم کیوں اس کی مخالفت کریں؟۔بات خاتون وزیر تک اب محدود نہیں بات چل نکلی ہے دیکھتے ہیں کہاں پہنچے ۔ بات کوٹھوں چڑھ گئی ہے برطانیہ کے وزیر دفاع بین والیس نے کہا ہے کہ امریکا اب سپر پاور نہیں رہا ۔ ان کا کہنا درست ہے کہ امریکا سپر طاقت ہوتا توافغانستان کے نہتے طالبان سے شکست کھا کر یوں نکلتا کہ پہلے ان سے ہاتھ جوڑ کے معاہدہ کیا کہ بھائی ہم جا رہے ہیں لیکن آپ سے اس امر کا وعدہ لے رہے ہیں کہ ہمیں مارو گے تو نہیں ۔ معلوم نہیں شاعر نے کس تناظر میںبڑے بے آبرو ہو کر تیرے کوچے سے ہم نکلے کا مصرعہ کہا تھا ۔ امریکا رات کی تاریکی میں ایسے رسوا ہو کر نکلا کہ رات کی تاریکی بڑھ گئی اتنا اسلحہ اتنا رعب و دبدبہ اور شکست کھا گئے بوریا نشینوں سے۔

مزید پڑھیں:  واعظ بھی تو منبر پہ دعا بیچ رہا ہے