Mashriqyat

مشرقیات

ٹانگیں کھینچناہمارا محبوب مشغلہ ہے ،کسی کو آگے بڑھتا دیکھ کر ہم یہ شغل میلہ اس کے ساتھ شروع کر دیتے ہیں۔کسی شاعر نے ہمارے اس شغل میلے کو شعر ی زبان میں بیان فرمایا تو ”ہم توڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے”کا مشہورزمانہ مصرعہ وجود میں آیا۔
ایک طر ف کہا جاتا ہے ہمیں دوڑ کہ زمانہ قیامت کی چال چل گیا،دوسری طرف آپ زمانے کے ساتھ ہم قدم ہونے کے لئے دوڑ دھوپ شروع کردیں تو آسے پاسے کے لوگوں کو آگ لگ جاتی ہے۔سب سے پہلے عزیز رشتے دار ہی جلن سے مغلوب ہوکر تیز ڈورنے والے کے قدموں کے نیچے سے زمین کھینچے کی کوشش شروع کر دیتے ہیں،اس کے لئے جادو ٹونے تک سے کام لیا جاتاہے ،کسی صورت مقصد حاصل نہ ہو تو پھر رشتے کے چاچے مامے وغیرہ اپنے سپوتوں یا سپوتنیوں کو مقابلے میں اتار کر اس سے بھی ویسی ہی عزیزانہ کارکردگی کی توقع لگا بیٹھتے ہیں۔حسد جلن کے باعث اس مسابقت میں تن من دھن لٹا کر یارلوگ اپنا اور اپنے بچوں کاسکھ چین چھین لیتے ہیں۔برخوردار یا برخوردارنی توقع پر پورا اترے تو اس کے والدین ان کی کامیابی پر اتراتے پھرتے ہیں توقعات پر پانی پھر جائے تو جلی کٹی سنا سنا کر اپنی ہی اولاد کی زندگی عذاب بنا دی جاتی ہے۔ہمارے ہاں بچوں کی زندگی سے یہ کھلواڑ زیادہ تر شہری متوسط طبقے کادرد سر ہوتاہے جس میں و ہ عمر بھر مبتلا رہتے ہیں۔اسی وجہ سے رشتوں ناطوں میں دراڑ پڑ جاتی ہے اور بات بہ ایں جا رسید کہ بعض لوگوں نے رشتہ داروں تک کو دشمنداروں کا خطا ب دے رکھا ہے۔
گھر گھرہستی یا اندرون خانہ کے اس کھیل سے باہر نکلیں تویہاں بھی حسد میں لوگ ایک دوسرے کے لئے کیلے کے چھلکے بنے تیار کھڑے ہوتے ہیں۔کام کی جگہ کا تو نہ ہی پوچھیں تو بہتر ہے ،یہاںہر شخص یس سر سننے کا عادی ہے اور ظاہرہے یس سر سننے والے کے دماغ میں یہ خناس سمایا ہوتاہے کہ سر کے خطاب کا حقدار پورے دفتر میں سوائے اس کے کوئی اور نہیں۔انگریزالبتہ یہ خطاب بانٹتے وقت میرٹ کا خیال رکھتے تھے۔یہاںاہل نااہلی نہیں دیکھی جاتی ،ڈائریکٹ بھرتی ہونے والے کی رسائی دیکھ کر بہت سے چابلوس بھی اس کے ذریعے اپنا کام نکالنے کو” یس سر یس سر ”کی گردان کئے جاتے ہیںیہ اور بات کہ سر کی پیٹھ پیچھے اس کے سر سے خناس نکالنے کے حاسدانہ منصوبے بھی بنانے والوںمیں یہ چابلوس ہراول دستہ ہی ہوتے ہیں۔آج کا سبق یہ ہے کہ آگے بڑھنا ہے تو آگے بڑھنے والوںکی حوصلہ افزائی کا اپنے اندر حوصلہ بھی پیدا کریں۔حسد کے باعث ٹانگنے کھینچے کا عمل تو سب کچھ جلا کر خاکستر کر دیتاہے،جیسے سوکھی ہوئی لکڑیوں کو آگ۔

مزید پڑھیں:  ضمنی انتخابات کے نتائج