Mashriqyat

مشرقیات

ارے صاحب !مہنگائی سے تو جان آپ چھڑ انہیں سکتے کم ازکم کھانے پینے کی چیزوں کو خالص فراہم کرنے کا بیڑہ ہی اٹھا لیں یہ کیا کہ ہم ہر چیز کے دگنے چگنے دام دینے کے بعد بھی الم بلم کھانے پینے پر مجبورہیں کوئی سرکا ر ہوتی ہے کوئی رٹ بھی ہوتی ہے وہاں بھی جہاں کوئی شرم ہوتی ہے نہ حیا۔جامے سے باہر گھومنے پھرنے والوں کے ہاں بے ایمانی کے ایسے مظاہرے دیکھنے سننے میں نہیں آتے کہ چائے میں چنے کا چھلکا ملا کر ہما شما کو تو چھوڑیں سر کار کو بھی ماموں بناتے پھریں،دودھ میں پانی کا رونا بھی اب پرانے زمانے کی بات ہے یہاں یا رلوگوں نے ایسے ایسے کیمیکل ایجاد کرکے دودھ کو خالص ثابت کرنے میں مہارت حاصل کرلی ہے کہ ہمارے ہاں کے گوالے بھینس اور سائنس کے آگے بین بجا کے نوبل انعام کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔گلی محلے میں چھوٹے بڑے کارخانوں میں بچوں کے لئے جو پاپڑ بنائے جارہے ہیں یہ خالص زہر ہیں ان کی صحت کے لئے ،انہیں کھا کر بچوں کی اکثریت گھر پر بنے پکوانوں کو لفٹ بھی نہیں کراتی اور یوں خون کی کمی کے شکار ان بچوں کی تعلیمی کارکردگی صفر ہوتی ہے ،سرکار کو میڑک کے بعد جو بے کار نوجوانوں کی فوج ظفر موج ہاتھ آتی ہے کبھی اس کی وجہ جاننے کی کوشش کی کہ ملاوٹی خوراک کھا کھاکر یہ ملاوٹی نسل کسی کام کی نہیںرہی البتہ اسے جذباتی نعروں کے ذریعے ووٹ کے صحیح استعمال پر قائل کرنا چنداں مشکل نہیں ہوتا۔
اب آئیں ان بڑی کمپنیوں کی طرف ،جو ملاوٹ کے ہمارے ہاں کے زریں اصولوں پر عمل کرکے نلکے کا پانی بھی ہم پر منرل واٹرکے نام سے پیچ رہی ہیں۔کولا مشروبات کا برانڈ بھی ملاوٹی ہوچکا ہے۔جن ڈبوں میں طرح طرح کے پھلوں کا خالص جوس ہمیں بیچا جا رہا ہے اس کو جانچ کر دیکھ لیں ہو ش ٹھکانے آجائیں گے۔اور جو بیچتے ہیں دوائے دل ،ان کے کارناموں کی بھی آئے روز گونج سنائی دیتی ہے ابھی کل پرسوں کی بات ہے شہر یار پشاور میں بہت بڑی مقدارمیں دو نمبر کی دوائیں پکڑی گئیں ہیں جو پکڑے جانے سے رہ گئیں یا ہم بسم اللہ پڑھ کر کھا گئے ان کی مقدار نمک میں آٹے برابر ہے جنا ب عالی!
حرف آخر یہ کہ اپنے ہاں کے بچوں کی صحت دیکھ لیں غربت سے زیادہ ملاوٹ کی مار انہیں پڑی ہے آپ ویسے بھی غریب کو اوپر لے جانے کی باتیں کرتے رہتے ہیں ،ملاوٹ کے ذریعے یہ ٹاسک کوئی مشکل نہیں بہت سے اوپر پہنچ چکے اور ان سے زیادہ تیار بیٹھے ہیں تاہم پوچھنا یہ ہے کہ عالم بالا کے اس سفر میں سرکا ر اور اس کی ناک کے نیچے ملاوٹ کرنے والوں کو بھی ایک دن اوپر جانا ہے یا مستقل یہیں رہنا ہے؟

مزید پڑھیں:  کور کمانڈرز کانفرنس کے اہم فیصلے