پشاور میں رہزنوں کے ڈیرے

پشاور میں رہزنوں کے ڈیرے،شہری گاڑی سے محروم،نوجوان زخمی

ویب ڈیسک: پشاور میں رہزنی کے دوواقعات میں ایک شخص سے گاڑی چھین لی گئی اور ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیاجبکہ تھانہ شاہ پور پولیس نے راہزنی کی غرض سے گھات لگائے 2اشتہاریوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز دوران گشت گھات لگائے 2مسلح افراد کو حراست میں لے لیا گیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے نام فیضان ولد خان عرف خانے اور افتخار ولد تاجر عرف تاجے ساکنان وڈپگہ بتلاتے ہوئے راہزنی کی غرض سے گھات لگانے کا اعتراف کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ دونوں ملزمان انہیں پہلے ہی سے راہزنی کے مقدمہ میں مطلوب ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  روس کا امریکی ٹیکٹیکل میزائل یوکرین کو دینے کا دعویٰ

ادھر پشاور کے علاقہ سربند اخون محمد لنڈی میں راہزنی کی مبینہ واردات کے دوران مزاحمت پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یعقوب خان ولد غلام حسن ساکن باڑہ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے سربند پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے دوست رضوان اللہ کے ہمراہ اپنے دوسرے دوست عادل کے حجرے جارہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ زخمی ہوگیاجبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

مزید پڑھیں:  امریکہ چین کے ساتھ پائیدار بات چیت کیلئَے پرعزم ہے، انٹونی بلنکن

ایک اورواردات میں پشاور کے علاقہ پشتہ خرہ میں مسلح افراد نے شہری سے اسلحہ کی نوک پر قیمتی گاڑی چھین لی۔ عبد الصمد ولد رحمت شاہ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پشتہ خرہ پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنی گاڑی میں جارہا تھا کہ رنگ روڈ پر سرحد یونیورسٹی کے قریب نامعلوم مسلح افراد اس سے اسلحہ کی نوک پرگاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔