Noor jahan

ملکہ ترنم نورجہاں کی 95 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

ویب ڈیسک (اسلام آباد): پاکستان کی نامور اداکارہ اور گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی آج 95 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ وہ 21 ستمبر 1926 کو قصور میں پیدا ہوئی تھیں۔

نورجہاں کا اصل نام اللہ وسائی تھا۔ انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ اسٹار 1935 میں کیا۔ فلم گل بکاﺅلی میں کمال کی اداکاری نے اداکارہ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور یہی وہ فلم تھی جس سے بطور گلوکارہ بھی ان کی شہرت اور مقبولیت کا آغاز ہوا۔

ملکہ ترنم نے 1941 میں موسیقار غلام حیدر کی فلم خزانچی میں پہلی بار پلے بیک سنگر کے طور پر کام کیا۔ قیام پاکستان سے پہلے ان کی دیگر معروف فلموں میں، دوست، لال حویلی، بڑی ماں، نادان، نوکر، زینت، انمول گھڑی اور جگنو کے نام سرفہرست ہیں۔

قیام پاکستان کے بعد انہوں نے فلم چن وے سے اپنے پاکستانی کیریئر کا آغاز کیا۔ اس فلم کی ہدایات بھی انہی نے دی تھی۔ بطور اداکارہ ان کی دیگر فلموں میں گلنار، دوپٹہ، پاٹے خان، لخت جگر، انتظار،نیند، کوئل، چھومنتر، انار کلی اور مرزا غالب کے نام شامل ہیں۔

اس کے بعد انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرکے خود کو گلوکاری تک محدود کرلیا۔ ایک ریکارڈ کے مطابق انہوں نے 995 فلموں کے لئے نغمات ریکارڈ کروائے جن میں آخری فلم گبھرو پنجاب دا تھی جو 2000ءمیں ریلیز ہوئی تھی۔

حکومت پاکستان نےانہیں صدارتی تمغہ برائےحسن کارکردگی اور نشان امتیاز عطا کیا جبکہ ان کے مداحین نے انہیں 18 برس کی عمر میں ہی ملکہ ترنم کا خطاب عطا کردیا تھا۔

ملکہ ترنم نورجہاں 23 دسمبر 2000 کو طویل علالت کے بعد دنیائے فانی سے رخصت ہوئیں اور کراچی میں ڈیفنس سوسائٹی کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔