بیسن کے پراٹھے

بیسن کے پراٹھے

ویب ڈیسک: بیسن کی روٹی موٹاپے سے لے کر شوگر کے مرضوں تک کے لیے نعمت سے کم نہیں اس کا روزانہ استعمال زندگی میں حیرت انگیز تبدیلیاں لاتا ہے۔ بیسن چنوں سے بنتا ہے اور چنے غذائیت کے لحاظ سے بھرپور ہوتے ہیں۔ آج ہم آپ کو بیسن کے پراٹھے کی ریسپی بتانے جا رہے ہیں۔

بیسن نیوٹریشنز یعنی معدنی اجزا سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں آئرن، پوٹاشئیم زنک، میگنیز، کیلشئیم، وٹامن بی 6 اور فائبرز کی اچھی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔ بیسن کے آٹے کی روٹی استعمال سے صحت کے بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔بیسن غذائیت کا خزانہ ہے۔

اجزاء:

  • بیسن دو پیالی
  • آلو دو سے تین عدد
  • آٹا ایک پیالی
  • نمک حسب ذائقہ
  • لہسن دو سے تین جوئے
  • پیاز ایک عدد درمیانی
  • کٹی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ
  • ہلدی آدھا چائے کا چمچ
  • کوکنگ آئل تلنے کے لئے

بیسن کے پراٹھے تیار کرنے کی ترکیب

سب سے پہلے آلوؤں کو ابال کر چھیل کر میش کر لیں، پیاز کو باریک کاٹ لیں اور لہسن کو کچل کر رکھ لیں۔ کڑاہی میں دو سے تین کھانے کے چمچ کوکنگ آئل کو دو سے تین منٹ گرم کر کے پیاز اور لال مرچوں کو فرائی کر کے نکال لیں اور ہلکا ہلکا کوٹ لیں یا گرائنڈ کر لیں۔ اس کو دوبارہ سے کڑاہی میں ڈالیں اور لہسن ڈال کر ایک منٹ فرائی کریں، پھر آلو، نمک اور ہلدی شامل کر لیں۔ دو سے تین منٹ بھون کر اتار لیں اور اچھی طرح ٹھنڈا کر لیں۔ بیسن اور آٹے کو ملا کر اس میں نمک اور آلو کا بھرتہ ڈال کر اچھی طرح ملائیں، پھر اس میں حسب ضرورت پانی ڈالتے ہوئے ذرا سخت سا گوندھ لیں۔ پیڑے بنا کر ہلکے ہاتھ سے چھوٹے چھوٹے پراٹھے بیلیں اور کوکنگ آئل کے ساتھ فرائی کر لیں۔ مزیدار بیسن کے پراٹھے تیار ہیں۔