نجی ہسپتال

سرکاری ادویات نجی ہسپتال کو عطیہ کرنے کا انکشاف

ویب ڈیسک :سرکاری ہسپتالوں کیلئے غیر ضروری طور پر خریدی گئیں ادویات کو ٹھکانے لگانے کیلئے ایک بڑی مقدار پشاور کے ایک نجی ہسپتال کو عطیہ کرنے کاانکشاف ہوا ہے ۔ان سرکاری ادویات کی مذکورہ ہسپتال کی فارمیسی میں کھلے عام فروخت سے متعلق شکایات پر ہیلتھ سیکرٹریٹ نے بھی ایکشن لے لیا ہے اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے زیر انتظام بعض ہسپتالوں کیلئے بڑے پیمانے پر ادویات کی خریداری کی گئی لیکن چونکہ یہ ادویات بغیر کسی ڈیمانڈ اور ضرورت کے خریدی گئیں اس لئے ان کو جلد از جلد ٹھکانے لگانے کیلئے راستے تلاش کئے گئے۔

مزید پڑھیں:  سی پیک پر کام کرنیوالے چائنیز و دیگر غیر ملکیوں کیلئے ایس او پیز میں تبدیلی

یہ بھی پڑھیں:بچے ٹک ٹاک اکائونٹ نہیں کھول سکیںگے، پی ٹی اے

جس کے بعد ان کا ایک بڑا حصہ پشاور کے ایک نجی ہسپتال کو عطیہ کردیا گیا ہے یہ ادویات سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کیلئے مختص تھیں لیکن اب ان کو نجی ہسپتال کی فارمیسی میں فروخت کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ40سے زائد اقسام پر مشتمل مختلف بیجز کی ادویات سے بھر ا ایک ٹرک کا عطیہ ہسپتال کو دیا گیا ہے۔

قانون کے مطابق یہ ادویات صرف سرکاری ہسپتالوں کے استعمال کیلئے ہیں اور ان کو کسی طور بھی نجی ہسپتالوں کو عطیہ نہیں کیا جاسکتا ہے ۔جن ادویات کا سٹاک مذکورہ ہسپتال کو دینے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس میں مختلف قسم کے سینکڑوں انجکشن، یورین بیگز، کاٹن، پائیو ڈین اور ڈرپس وغیرہ شامل بتائے گئے ہیں ۔

مزید پڑھیں:  عالمی کساد بازاری کا خدشہ، پاکستان میں لوہے کی قیمتوں میں کمی

اس سلسلے میں سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ کے مطابق اس بارے میں انہیں لاعلم رکھا گیا ہے چونکہ سرکاری ادویات کو کسی طور بھی نجی ہسپتالوں کو عطیہ کے طور پر نہیں دیا جاسکتا ہے اس لئے نشاندہی کرنے پر ڈی جی سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے جس کی روشنی میں متعلقہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی تجویز کی جائے گی۔