The air ambulance for Omar Sharif will arrive today

عمرشریف کیلئے ایئر ایمبولینس آج پہنچے گی

ویب ڈیسک (کراچی) پاکستان کے کامیڈی لیجنڈ عمرشریف کیلئے ایئر ایمبولینس آج کراچی پہنچے گی‘ امریکہ روانگی کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایئرایمبولینس 26 ستمبر کی درمیانی شب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی ، ایئر ایمبولینس کو واپسی کے سفر کے لیے جناح ٹرمینل رن وے اور ٹارمک پر ری فیولنگ کروائی جائے گی جب کہ عمر شریف کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی ہسپتال سے صبح 4:30 پر کراچی ایئر پورٹ پہنچایا جائے گا جس کے بعد میڈیکل ایئر کرافٹ صبح 5:30 پر واشنگٹن امریکہ کے لیے ٹیک آف کرے گا۔ایئرایمبولینس کاپہلا سٹاپ نیوریمبرنگ جرمنی پرہوگااس دوران ایئرایمبولینس تبدیل کی جائےگی ،اگلےمرحلے میں ایئرایمبولینس کو کیفلاوک آئس لینڈ سےری فیولنگ ہوگی جس کے بعد آخری مرحلے میں گوس بے کینیڈا میں 2 گھنٹےکےوقفے کے بعد ایئر ایمبولینس امریکہ جائے گی اور یہ پروازامریکہ کے مقامی وقت کےمطابق سہ پہر 4:30 پر واشنگٹن ڈی سی ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی جہاں سے شام 5 بجے عمر شریف کوجارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کردیا جائےگا۔

عمر شریف کے بیٹے جواد عمر کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولنس میں صرف والد جائیں گے، پیر کو اہل خانہ روانہ ہوں گے۔اداکار عمر شریف کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ لیجنڈری اداکار و کامیڈین کافی عرصے سے دل کی تکلیف و دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی یادداشت بھی خراب ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ کنگ آف کامیڈی اور معروف اداکار عمر شریف کو ویزا جاری کر دیا گیا ہے ، جس کیے لیے امریکی سفارتخانےنےعمرشریف کو علالت کے باعث انٹرویو سے بھی استشنیٰ دیا ، ان کے اہلخانہ نے اس تمام پراسس میں تعاون پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکہ کے ویزے ایشو ہو گئے ہیں ، اب وہ جلد اپنے علاج کے لئے امریکہ روانہ ہوں گے ، وزیراعظم صاحب دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی عمر شریف صاحب کو جلد صحتیاب کرے۔