مرغ بریانی

مرغ بریانی

ویب ڈیسک: مرغ بریانی چاول اور مرغی سے بنائے جانے والے ایک کھانے کا نام ہے جس میں چاول (عموماً باسمتی) کے ساتھ مختلف مصالحے، گوشت، مچھلی اور سبزیاں ڈالی جاتی ہیں۔ لفظ ’بریانی‘ فارسی لفظ ’بریان‘ سے مشتق ہے جس کے معنی ’ تلا ہوا‘ یا ’ بھنا ہوا‘ کے ہیں۔

بریانی جنوبی ایشیا کے علاوہ عرب ممالک اور مغربی ممالک کے جنوب ایشیائی تارکین وطن میں مقبول ہے۔ اس کھانے کی کئی مقامی اقسام موجود ہیں، جن میں علاقے کی غذائی پیداوار یا ضرورت کے اعتبار سے تنوع پایا جاتا ہے۔ بریانی پاکستان میں نہایت مقبول ہے اور صرف پاکستان میں ہی اس کی کئی علاقائی تراکیب ہیں۔

اشیاء:

  • مرغ ایک عدد (وزن تقریباً ڈیڑھ کلو)
  • چاول ایک کلو
  • جاوتری دو ٹکڑے
  • گھی ڈیڑھ پاؤ
  • سوکھا دھنیا ایک ٹی اسپون
  • زیرہ ایک ٹی اسپون
  • دہی ایک پاؤ
  • خشخاش دو ٹی اسپون
  • پیاز ایک پاؤ
  • الائچی بڑی تین عدد
  • لہسن دو بڑی پوتھی
  • دارچینی ایک بڑا ٹکڑا
  • لونگ چھ عدد
  • نمک حسب پسند
  • ادرک چوتھائی چھٹانک

مرغ بریانی بنانے کی ترکیب:

پہلے دو عدد پیاز، لہسن، ادرک، دار چینی، نمک، لونگ، الائچی، جاوتری، اور خشخاش کو سل پر باریک پیس کر دہی میں ملا لیں۔ مرغ کی بوٹیاں بنا کر یہ سارا مصالحہ ان پر لگا کر اسے دو گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ بوٹیاں چھوٹی ہونی چاہیں۔ ایک دیگچی میں گھی کڑ کڑائیں اور پیاز کے لچھے ڈال کر بادامی کر لیں۔ پیاز بادامی رنگت اختیار کر جائے تو مصالحہ لگا کر مرغ ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ دہی کا پانی خشک ہو جائے تو اچھی طرح بھون کر اس قدر پانی ڈالیں جس میں مرغ گل جائے اور تھوڑا سا مصالحے کا رس رہ جائے دوسری دیگچی میں چاولوں میں تھوڑا سا نمک ڈال کر اس قدر پکائیں کہ چاول آدھ کچے ہو جائیں تو اتار کر پانی نچوڑ کر رکھ لیں۔ اس کے بعد ایک بڑی پتیلی میں آدھا مرغ اور مصالحہ ڈال کر آدھ کچے چاول آدھ تہہ کی طرح بچھا دیں پھر بچا ہوا سارا مرغ مصالحہ ڈال کر اوپر باقی چاولوں کی تہہ لگا دی جائے۔ دیگچی کا ڈھکن بند کر کے کناروں کو آٹے سے بند کر دیا جائے۔ آدھا گھنٹہ دم پر رکھیں۔ لذیذ مرغ بریانی تیار ہے۔