بُھنا ہوا گوشت

بُھنا ہوا گوشت بنانے کی ترکیب

گوشت

ویب ڈیسک: گوشت فارسی زبان کا لفظ ہے، بکرے کے گوشت کو چھوٹا گوشت اور بیل، گائے یا بھینس وغیرہ کے گوشت کو بڑا گوشت کہتے ہیں۔ سائنسی طور پر گوشت ایک صحت مند کھانا تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں لحمیات (پروٹین ) خاصی تعداد میں ہوتے ہیں-

ذرائع

گوشت ہمیں مختلف جانوروں کے ذریعے سے حاصل ہوتا ہے۔ اسلام میں ہر جانور کا گوشت حلال نہیں بلکہ چند مخصوص جانور ہی ہیں کہ جن کا گوشت حلا ل ہے۔ ان جانوروں میں گا ئے، بیل، بکرا، اونٹ، ہرن اور مچھلیوں کی زیادہ تر اقسام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پرندوں کی چند اقسام بھی حلال ہیں۔ مسلمان انہی جانوروں کو حلا ل طریقے سے ذبح کر کے ان کا گوشت کھاتے ہیں۔

پکوان

گوشت کو مختلف طریقوں سے پکا کر کھایا جا سکتا ہے مثلا بھون کر یا ابال کر۔ برصغیر پاک و ہند میں گوشت کے کئی پکوان بنائے جاتے ہیں جیسے کہ قورمہ، بریانی، نہاری وغیرہ۔ عید کے موقع پر گوشت سے طرح طرح کے مزیدار پکوان بنائے جا تے ہیں جن میں باربی کیو، تکہ وغیرہ شامل ہیں۔ تو آج ہم بُھنا ہوا گوشت بناتے ہیں۔

اجزاء:

  • گوشت 1/2کلو
  • دہی 1/2کپ
  • لہسن، ادرک پیسٹ 1 کھانے کا چمچہ
  • ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ
  • تیل حسب ضرورت
  • ثابت دھنیا 1چائے کا چمچہ
  • لیموں (رس نکال لیں) 2عدد
  • نمک حسب ذائقہ
  • لال مرچیں (کُٹی ہوئی) 1 چائے کا چمچہ
  • زیرہ (کُٹا ہوا) 1 چائے کا چمچہ
  • پیاز (باریک چوپ کرلیں) 2 عدد
  • ہرا دھنیا، ہری مرچیں 2 چائے کے چمچے (چوپ کرلیں)
  • کچری (پیس لیں) 1 کھانے کا چمچہ

بُھنا ہوا گوشت بنانے کی ترکیب:

سب سے پہلے گوشت میں دہی، نمک، کُٹی ہوئی لال مرچیں، ہلدی پاؤڈر، زیرہ، لہسن، ادرک پیسٹ، ثابت دھنیا، کچری، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں لگا کر 1 گھنٹہ رکھیں۔ پھر ایک سوس پین میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز ڈال کر فرائی کریں اور اس کے بعد میرینیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں جب گوشت گل جائے تو بھون کر سرونگ ڈش میں نکال لیں اور لیموں کا رس چھڑکیں۔ لیجئیے گرما گرم بُھنا ہوا گوشت تیار ہے۔