ٹیکس تفصیلات

پشاورکے تاجروں کی ٹیکس تفصیلات جاری کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک :ایف بی آر نے پشاو ر کے 30بڑے تاجر وں کے انکم ٹیکس کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے خلاف احتجاج کرنے والے تاجروں کے ریٹرن ٹیکس کے بارے میں تفصیلات جاری کی جارہی ہیں۔

یہ بھِی پڑھیں :پٹرول5.25،ڈیزل3.50روپے مہنگاہونے کا امکان

پشاور میں ساڑھے چار کروڑ روپے کے کاروبار کرنے والے تاجر نے گزشتہ سال پانچ ہزار روپے کا ٹیکس جمع کیا ہے. دوسرے نمبر پر پشاور کے اڑھائی کروڑ روپے کے کاروبار کرنے والے تاجر نے پانچ ہزار روپے کا ٹیکس جمع کرایا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کے کاروبار کرنے والے تاجروں نے 2ہزار سے 10ہزار روپے کے درمیان ٹیکس جمع کرایا ہے بعض تاجروں نے اپنے آپ کودہشت گردی سے متاثرہ قرار دیا تھا۔

یونیورسٹی روڈ ، پشاور صدر ، نمک منڈی ، اشرف روڈ ، خیبر بازار ، قصہ خوانی ، چوک یادگار سمیت مختلف مقامات پر مختلف کاروبار سے منسلک تاجروں کی ٹیکسوں کی تفصیلات صوبائی حکومت ،میڈیا سمیت دیگر اداروں کو جاری کئے جانے کے امکانات ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف بی آر کے خلاف احتجاج کرنے والے تاجروں نے خود اپنے ٹیکسز ادا نہیں کئے ہیں ۔ بعض تاجروں کے اثاثہ جات پشاو ر کے علاوہ پنجاب ، اور سندھ میں بھی ہیں جنہوں نے ٹیکس کے انتہائی کم گوشوارے جمع کرائے ہیں ۔

ٹیکس کے گم گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں میں سے بعض تاجر رہنمابھی شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کے اثاثہ جات ، ان کی گاڑیوں ، ان کے بچوں کے پرائیویٹ سکولوں میں زیر تعلیم تفصیلات ، شاپنگ کی تفصیلات وغیرہ اکھٹی کی جا رہی ہیں۔