President-PM-sorrow-death-Umer-Sharif

عمر شریف کا انتقال ، سیاسی شخصیات بھی غمزدہ

ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف کامیڈی اداکار عمر شریف کے انتقال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیر ملکی سیاسی شخصیات نے افسوس گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معروف اداکار و کامیڈین عمر شریف کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے۔ عمر شریف نے کامیڈی کی دنیا میں اپنا علیحدہ مقام بنایا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے

وزیراعظم عمران خان نے اداکار عمر شریف کے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے اور فنون لطیفہ کے شعبے میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے، فن کے شعبے میں انکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  سعودی وفد کے دورے پر سیاست افسوسناک ہے،وزیرخارجہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک میں کہا ہے کہ عمر شریف کا انتقال باعثِ صدمہ ہے، رونے والوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہوگیا۔

مزید پڑھیں:  راولپنڈی میں خاتون کے ہاں بیک وقت 6بچوں کی پیدائش

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے لکھا کہ عمربھر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ کا تحفہ سجانے والے عمر شریف جنت کو عازم سفر ہوئے۔ قوم نے اپنےفنکار کو بہترین خراج تحسین پیش کیااور ثابت کیا کہ ہم فن اور فنکاروں سے محبت کرنے والی قوم ہیں۔ عمر شریف کا نام پاکستان کے فنون لطیفہ کے انسائکلوپیڈیا میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائیگا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے ٹویٹر پر لکھا کہ سب کو ہنسانے والا آج سب کو رُلا گیا۔ عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور باکمال فنکار تھے اور ان کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین اور چاہنے والوں کو صبر دے۔ آمین

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ عمر شریف کی رحلت برصغیر کے فنون لطیفہ کے لئے ایک عظیم سانحہ ہے ۔ کئی دہائیوں تک مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیرنے والے لیجنڈ کی کمی شائد کبھی پوری نہ ہوسکے۔ اللہ عمر شریف کے پسماندگان اور چاہنے والوں کو صبر اور انہیں جنت فردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔