pakistan showbiz industry

شوبز شخصیات بھی عمر شریف کے انتقال پر افسردہ

اداکار عمر شریف کے انتقال پر اُن کے ساتھی اداکاروں نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے، اداکارہ سلومی ان کے انتقال کی خبر سن کر آبدیدہ ہوگئیں، اور کہا کہ ایسا اداکار دوبارہ نہیں آئے گا،ملک کے نامور اداکاروں نے عمرشریف کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا۔

معروف اداکار مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ آج بہت بڑے فنکار ہم سے جدا ہوگئے۔

جاوید شیخ بولے میرا اور عمر شریف کا 40 سال کا ساتھ ختم ہوگیا۔

کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر کئی نامور فنکاروں اور مداحوں کے ساتھ ساتھ اداکارہ ماہرہ خان نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے، ۔کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پراپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بہت شکریہ آپ کے ہنسانے کا اللّٰہ آپ کی مغفرت فرمائے آپ کو ہمیشہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حرا مانی نے کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

حرا مانی نے اپنے انسٹاگرام پر عمر شریف کے حوالے سے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اللّٰہ کا سب سے پسندیدہ بندہ وہی ہوتا ہے جو لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بھرے، آپ نے تو لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹوں اور قہقہوں کی بھرمار کردی۔

حرا مانی نے کہا کہ عمر شریف نے ہم سب کے چہرے ہی نہیں دل بھی خوش کیے ہیں، اللّٰہ کے آپ بہت پسندیدہ بندے ہیں اور بے شک ہم سب کو اللّٰہ ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ہم تمام لوگ آپ کے لیے دعا کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

مہوش حیات نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں لکھا کہ ’قوم ایک اور عظیم لیجنڈ، کامیڈی کے بادشاہ کے انتقال پر سوگوار ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’عُمر شریف کو دنیا بھر میں شائقین کی ایک بڑی تعداد یاد کرے گی۔‘

اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’عمر شریف صاحب، ان تمام مسکراہٹوں اور خوشی کے لیے آپ کا شکریہ جو آپ ہماری زندگیوں میں لائے۔‘

مہوش حیات نے عُمر شریف کی مغفرت کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوئی بھی آپ کی جگہ نہیں لے سکتا۔‘

سینئر اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ کی جانب سے کامیڈی کنگ عُمر شریف کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ ’ہمارے کامیڈی کے اپنے بادشاہ عُمر شریف کو الوداع۔‘

ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ ’ہمارے چہروں پر مسکراہٹیں لانے اور دلوں کو خوشیوں سے بھرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ ایک لیجنڈ تھے اور ہم خوش قسمت ہیں کہ آپ کو جانتے ہیں۔‘

گلوکارابرارالحق نے کہا کہ ہمیں ہنسانے والا آج رلا کرچلا گیا۔ عمر شریف کی حب الوطنی اورانسان دوستی کو نہیں بھلایا جاسکتا۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے کہا کہ دکھ کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں ہیں، خدا عمرشریف کو جنت میں جگہ دے۔

اداکارعدنان صدیقی نے کہا کہ آپ نے ہمیں بہت ہنسایا اوراب ہمیں چھوڑکرچلے گئے۔ ہم سب بہت افسردہ ہیں۔

فیصل قریشی نے کہا کہ عمرشریف کے انتقال کی خبرسن کرغمگین ہوں۔ وہ انڈسٹری کے حقیقی اداکارتھے۔ خدا انہیں جنت نصیب کرے۔

معروف نیوزاینکروسیم بادامی نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمربھائی اب ہم میں نہیں رہے۔

اداکار ہمایوں سعید نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ عمر شریف کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، وہ بلا شبہ کامیڈی کنگ تھا، اللہ ان کی روح کو سلامت رکھے، ہم آپ کو یاد کریں گے ،عمر بھائی۔

ادکارہ سونیا حسین کا کہنا ہےکہ مجھے وہ دن یاد ہے جب ہم پہلی بار ملے تھے، میں انڈسٹری میں نئی تھی اور اس وجہ سے تھوڑا گھبرائی ہوئی تھی، ایک بار ہم دونوں کو ایک ہی شو میں مدعو کیا گیا تھا، وہ میرے پاس آئے اور ہنستے ہوئےکہا ‘بیٹا چھوٹے سے کیمرے سے مت گبھراؤ ، اپنے ٹیلنٹ کو اتنا مضبوط کرلو کہ کیمرہ تمہاری پرفارمنس کو دیکھ کر تھر تھر کانپے’۔
اداکار شفقت چیمہ کا کہنا تھا کہ عمر شریف کا خلا اور کوئی پُر نہیں کرسکتا، عمر شریف کی یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی، اللہ عمر شریف کو جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ عطا فرمائے۔

اداکارہ ریشم کا کہنا ہےکہ عمر شریف بڑے فنکار تھے،ان کی شان میں الفاظ چھوٹے پڑ جاتے ہیں، عمرشریف بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے، دنیا کوعمر شریف کے قدموں میں بیٹھتے دیکھا ہے، عمرشریف کا کام اور ان کی محبت ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہےگی۔

اداکار احسن خان نے عمرشریف کےانتقال پرگہرےدکھ کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ عمر شریف نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، عمر شریف نے انڈسٹری کے لیے بہت کام کیا۔

کامیڈی اداکار شکیل صدیقی نے کہا کہ جو بھی سیکھا عمر شریف سے سیکھا، عمر شریف کی وجہ سے بہت سے اداکاروں کو پہچان ملی۔

عمر شریف تھیٹر اور اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ ہیں۔ کامیڈی کے سپر اسٹار عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے، 14 سال کی عمر سے اسٹیج پر اداکاری شروع کی اور دیکھتے ہی دیکھتے کامیڈی کی دنیا کے کنگ بن گئے۔

انہوں نے ٹی وی اور فلموں میں بھی اپنے فن کامظاہرہ کیا، لیکن ان کی مقبولیت کی بڑی وجہ مزاحیہ اسٹیج ڈرامے ہیں، عمر شریف صرف پاکستان ہی میں مقبول نہیں بلکہ ہندوستان سمیت جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں ان کے مداح موجود ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے۔انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کے لیے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں بھی مبتلا تھے۔