چکن پیزا

چکن پیزا گھر میں بنانے کا آسان طریقہ

ویب ڈیسک : آج ہم آپ سے چکن پیزا گھر میں بنانے کی آسان ترکیب شئیر کرنے جارہے ہیں۔

درکار اشیاء

پیزا ڈو بنانے کیلئے

  • میدہ دو کپ
  • چینی ایک چائے کا چمچ
  • خمیر 1-1/2 چائے کا چمچ
  • انڈا ایک عدد
  • ملک پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ
  • نمک 1/2 کھانے کا چمچ
  • تیل دو کھانے کے چمچ

چکن تکہ بنانے کیلئے

  • چکن 250 گرام
  • شملہ مرچ 125 گرام
  • تیل دو کھانے کے چمچ
  • نمک 1/2 چائے کا چمچ
  • کالی مرچ 1/2 چائے کا چمچ
  • لال مرچ ایک چائے کا چمچ
  • زیرہ 1/2 چائے کا چمچ

چکن پیزا سوس بنانے کیلئے

  • ٹماٹر 250 گرام
  • کیچپ 250 گرام
  • پیاز ایک عدد
  • تیل ایک کھانے کا چمچ
  • لہسن 1/2 چائے کا چمچ
  • نمک حسب ضرورت
  • لال مرچ آدھا چائے کا چمچ
  • چائینز سالٹ آدھا چائے کا چمچ
  • اوریگانو آدھا چائے کا چمچ
  • کالی مرچ 1/4 چائے کا چمچ
  • سرکہ ایک کھانے کا چمچ
  • موزریلا چیز آدھا کپ
  • چیڈر چیز آدھا کپ

چکن پیزا تیار کرنے کی ترکیب:

سب سے پہلے پیزا ڈو بنائیں، ایک برتن میں میدے سمیت ڈو میں استعمال ہونے والی تمام اشیاء ڈال کر نیم گرم پانی سے گوندھیں اور پھر ائر ٹائٹ بکس (air tight box ) میں تقریبا 2 گھنٹے کے لئے رکھ دیں تاکہ آٹا خمیر ہو جائے۔ پیزا سوس بنانے کے لئے ایک پین میں تیل گرم کر کے لہسن فرائی کریں اور پھر اس میں پیاز، ٹماٹر کیچپ اور دیگر تمام اشیاء ڈال کر پکنے کے لئے رکھ دیں۔ جب ٹماٹر اور پیاز گل جائیں تو پین چولھے سے اتار لیں تاکہ آمیزہ ٹھنڈا ہو جائے۔ اس کے بعد اس آمیزے کو بلینڈر میں پیس لیں۔ پیزا ٹماٹو سوس تیار ہے۔

چکن تکہ بنانے کے لئے چکن میں تیل کے علاوہ تمام مصالحے ڈال کر ایک گھنٹے کے لئے میرینیڈ کر لیں۔ اس کے بعد ایک پین میں تیل گرم کر کے میرینیڈ کیا ہوا چکن اس میں ڈالیں اور درمیانی آنچ پر گلنے کے لئے رکھ دیں جب چکن گل جائے تو اسے بھونیں اسی دوران ایک کوئلہ چولھے پر دہکنے کے لئے رکھ دیں جب چکن مصالحہ تیار ہو جائے تو روٹی کے ایک ٹکڑے کو مصالحہ پر رکھ کر اس پر دہکتا ہوا کوئلہ رکھیں اور اس میں چند قطرے تیل ٹپکائیں اور فوراً ہی ڈھکن رکھ دیں تاکہ دھواں پین کے اندرہی رہے۔

اب میدہ دوبارہ گوندھیں اور پھر اس کی روٹی بیل کر پیزا پین میں پھیلائیں۔ اور اس کے اوپر سوس لگا کر چکن، شملہ مرچ اور پیاز ڈال کر کش کیا ہوا موزریلا اور چیڈر چیز بھی پھیلا دیں۔ پہلے سے گرم کئے ہوئے اوون میں کم از کم 20 منٹ کے لئے پیزا بیک (Bake) ہونے کے لئے رکھ دیں۔ جب پیزا اچھی طرح بیک ہو جائے تو گرم گرم سرو کریں۔