ASFANDYAR-PENDORA-PAPER-REACTION

سلیکٹڈ وزیر اعظم کا احتساب بھی سلیکٹڈ ہے ، اسفندیار ولی

ویب ڈیسک: عوامی  نیشنل پارٹی کے سربراہ  اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ خود کرپشن میں ملوث حکومت کا پنڈورا پیپرز کی تحقیقات کا اعلان کرنا مضحکہ خیز ہے ، ووٹ چوری کرکے پاکستان پر مسلط  وزیر اعظم کا احتساب بھی سلیکٹڈ ہے ، عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سلیکٹڈ وزیراعظم پنڈور لیکس کی تحقیقات کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔

انہوں نے حالیہ پنڈورا لیکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دوسروں پر کرپشن کے الزام لگانے والے لیکس میں نام آنے پر خاموش ہیں ، لیکس  میں حکومتی اراکین کے ناموں نے  حکومت کے اخلاقی جواز بارے سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ پنڈورا پیپرز پر حکومت کی جانب سے تحقیقات کا اعلان کرنا اپنے ساتھیوں کو بچانے کی ایک بھونڈی کوشش کے سوا کچھ نہیں ، تحقیقات کے نام پر صرف زبانی جمع خرچ سے عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ پنڈورا پیپرز انکشافات کی قابل اعتماد ، شفاف اور جامع تحقیقات ہونی چاہیئے ، پنڈوراپیپرز کی تحقیقات کیلئے ایک مکمل طور پر با اختیار کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے جو متعین وقت کے اندر تحقیقات مکمل کرے ۔