Food dept officials suspended

فلور ملز سے ملی بھگت پرمحکمہ خوراک کے 3 اہلکارمعطل

ویب ڈیسک(پشاور)محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے فلور ملز کے ساتھ ملی بھگت میں ملوث تین اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے انکے خلاف انکوائری شروع کردی،جبکہ ایک فلور مل کالائسنس کینسل اور دوکا لائسنس دو ہفتوں کیلئےمعطل کردیا ہے۔

ڈائریکٹر خوراک کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرکمال احمد، فوڈ گرین انسپکٹر وحید اللہ اور محمد شاہد کی فوری طور پر معطل کردیاگیاہےجبکہ ڈپٹی سیکرٹری فوڈ عامرحسن اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرمردان آفتاب عمرپرمشتمل تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے جو 7روز میں رپورٹ کریگی مذکورہ ملازمین تین فلورملزکےساتھ ملی بھگت میں ملوث پائےگئے ہیں ۔

مزید پڑھیں:  خواجہ آصف وزیراعلیٰ بارے بیان بازی سے پہلے پارلیمنٹ کی عزت بحال کریں

محکمہ خوراک کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹر پرائم فلور ملزکو ارسال مراسلےمیں کہا گیا ہے کہ انسپکشن کے دوران مل بند تھی اورحکومت سےملنے والےکوٹہ کےمطابق 19.5میٹرک ٹن گندم پسائی نہیں ہورہی تھی اسی طرح دھلائی کا سیکشن بھی غیر فعال تھا جبکہ ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا اسی طرح فلورملز میں صفائی کی صورتحال بھی ابترتھی ۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مل غیر قانونی طور پر سرکاری سبسڈی پر فراہم گندم کی فروخت میں ملوث ہے جس کے باعث راشننگ کنٹرولر نے فلور مل کا لائسنس منسوخ کردیا ہے اسی طرح خیبر فلور ملز کو ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 20کلو آٹے کے تھیلے میں مقررہ وزن سے کم آٹا رکھا گیا تھا جس کے باعث مل کا لائسنس 15روز کیلئے معطل کیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  پشاور، گھریلو لڑائی جھگڑوں پر چچا بھتیجے کے ہاتھوں قتل

محکمہ خوراک کی جانب سے دوآبہ فلور مل کے حوالے سے بتایا گیا کہ پاسکو کی گندم کے 400بیگ فلور مل میں موجود تھے جو قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے جبکہ مل میں ریکارڈ بھی موجو د نہیں اور صفائی کی حالت بھی ابتر ہے جس کی وجہ سے مل کا لائسنس 15روز کیلئے معطل کردیا گیا ہے ۔