1580702793

وزیراعظم ملائیشیا کے2 روزہ دورے پر آج کوالالمپور روانہ ہوں گے

وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کے دو روزہ دورے پر آج (پیر) کوالالمپور روانہ ہورہے ہیں۔وہ یہ دورہ اپنے ملائیشیا کے ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر کررہے ہیں۔کابینہ کے ارکان اور سینئر عہدیداران سمیت اعلی سطح کا ایک وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا ۔دورے کے دوران دونوں وزرائے اعظم کے درمیان معاونین کے بغیر ملاقات ہوگی جس کے بعد وفد کی سطح کے مذاکرات ہوںگے۔وہ اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقاریب میں شرکت کریںگے اور مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریںگے۔وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کے انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک اینڈ انٹرنیشنل سٹیڈیز کے ایک تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریںگے۔وزیراعظم اپنی مختلف ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے بارے میں اپنا ویژن بتائیںگے اور علاقائی اور بین الاقوامی امن وسلامتی کے حوالے سے پاکستان کا مثبت کرداراجاگر کریںگے۔عمران خان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال بھی اجاگر کریںگے ، بھارت کے جارحانہ رویے کی وجہ سے علاقائی امن وسلامتی کو درپیش خطرات کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت اجاگر کریںگے۔

مزید پڑھیں:  بین الاقوامی قانونی حیثیت کیلئے طالبان کو وعدے پورے کرنا ہوں گے، میتھیو ملر