اسلام آباد: بیرسٹر کشمیر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کی صورت حال تسلی بخش ہے، کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد درجن کے قریب ہے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیہاڑی دار مزدور اور دیگر سفید پوش مشکلات کا شکار ہیں اور کاروبار زندگی معطل ہو چکا ہے، اس مشکل وقت میں وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے مشکلات کا شکار خاندانوں کے لئے ماہانہ 12 ہزار روپے امداد کا فیصلہ کیا ہے۔ آج کے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اس پیکیج کے تحت لوگوں کو پیسے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت دئیے جائیں گے، سروے فارم کی تقسیم شروع ہو چکی ہے، میری اس سلسلے میں کمشنر میرپور اور ضلعی انتظامیہ سے تفصیلی بات ہوئی ہے، اس سروے میں مقامی پٹواری، ایک لوکل گورنمنٹ کا ملازم اور ٹیچر گھر گھر جا کر فارم تقسیم کریں گے اور مستحق خاندانوں کا ڈیٹا اکھٹا کریں گے، پھر اس کے بعد مستحق خاندان کو 12 ہزار روپے ماہانہ دئیے جائیں گے۔ اس سروے کے تحت صرف آزاد کشمیر کے شہری رجسٹر ہو سکیں گے، ضرورت مند خاندان اپنے آپ کو رجسٹر کروائیں، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی مشکل کی صورت میں پی ٹی آئی کشمیر سٹی میرپور کے مقامی عہدیداران سے رابطہ کریں، اس پروگرام سے آزاد کشمیر کے لوگ بھرپور استفادہ کریں گے۔ بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ میرپور میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے ضرورت مند خاندانوں میں میرپور کے مخیر حضرات راشن تقسیم کر رہے ہیں جس پر میں مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میرپور کے لوگوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ضرورت مندوں کی فراخ دلی سے مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ لوگوں کی مدد کرتے وقت ان کی عزت نفس مجروح نہ کریں، بغیر نمود و نمائش کے لوگوں کی مدد کریں، اس سلسلے میں میری اپیل پر راوف مغل بن خرماں میں 1500 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کر چکے ہیں باقی مخیر حضرات اور خاص کر پی ٹی آئی کشمیر کے لیڈران اور عزیز و اقارب سے اپیل ہے کہ وہ اس مشکل کی گھڑی میں دل کھول کر ضرورت مندوں اور سفید پوش لوگوں کی مدد کریں۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments