پٹرول سستا

کم آمدنی والوں کے لئے سبسڈی اور پٹرول سستا کرنے کااعلان

ویب ڈیسک :وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والوں کیلئے پیٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان بنانے کی ہدایت کردی۔ یہ ہدایت انہوں نے اپنی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں کے اجلاس میں دی ۔اس موقع پر وزیراعظم نے کم آمدنی والوں کیلئے پیٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان بنانے کی ہدایت کی۔ موٹرسائیکل، رکشا اور عوامی سواری کو کم قیمت پرپیٹرول دینے کا پلان اگلے ہفتے پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کم کرنے کیلئے ضلعی سطح پرکمیٹیاں بنانے اور یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے کم آمدن والے افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم نے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ مالی معاونت سے شروع ہوگا اور اس سبسڈی پر پنجاب اور خیبر پختونخوا نے پہلے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان سے بات چیت کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کرنے ہونگے، آئی ایم ایف

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غریب طبقے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی کا بڑا پروگرام جلد شروع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ مہنگائی کے اثرات کا احساس ہے، صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس پروگرام کے دائرہ کار بڑھارہے ہیں۔

کور کمیٹی کے اجلاس کے بعدوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن دالیں، سبزیاں، چینی اور آٹا سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے بتایا کہ عوام پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے فوری طور پر اقدامات ہونے چاہیئں اور احساس پروگرام کے تحت سبسڈی اسکیم کو توسیع دی جائے۔

مزید پڑھیں:  ڈی ایچ اوز اور ایم ایس کو اجازت لے کر ڈیوٹی سٹیشن چھوڑنے کی ہدایات

انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمت میں بھی کمی آرہی ہے اور کرشنگ سیزن شروع ہوتے ہی مزید کمی ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے لیکن دالیں، سبزیاں، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری حکومت مہنگائی کو روکنے کے لیے کام کر رہی ہے اور وزیراعظم اگلے چند دنوں میں اس حوالے سے اہم پروگرام کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران سب سے اہم معاملہ زیر بحث آیا وہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تھا اور وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ وہ عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے۔