کالعدم جماعت کا احتجاج

تحریک لبیک کا اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان، انٹرنیٹ بند

ویب ڈیسک (اسلام آباد)کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے جمعے کی نماز کے بعد لاہور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دیئے جانے کے بعد سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، اور اسلام آباد جانے والے راستوں کو کینٹینرز اور خاردار تاروں کے ذریعے سیل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مہنگائی کے باعث سبزیاں بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوگئیں

وزارت داخلہ نے گزشتہ روز پی ٹی اے کو خط لکھ کر لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔ لاہور میں آج ملتان روڈ، گرینڈ بیٹری اسٹاپ، اقبال ٹاؤن، نواں کوٹ، سمن آباد اور سبزہ زار میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے اس کے علاوہ ملتان روڈ پر سمن آباد موڑ کے قریب اور گرڈ اسٹیشن اسٹاپ پر کنٹینرز لگادیے گئے ہیں جب کہ علامہ اقبال ٹاؤن میں بلیوارڈ پر بھی دبئی چوک میں بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ شہر کے داخلی وخارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے شہریوں اور مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں:  عدلیہ میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی، چیف جسٹس

راولپنڈی میں بھی کالعدم تنظیم کے متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر، سکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے ہیں اور متعدد راستے بند ہیں۔ میٹرو بس سروس بند کردی گئی ہے جو صدر سے فیض آباد تک بند رہے گی۔ جگہ جگہ رکاوٹوں کے باعث اسکول، کالج اور دفاتر جانے والے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے اہم چوراہوں و میٹرو اسٹیشن پر قانون نافذ کرنے والے اداروں و پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئی جے پی روڈ سے سیکرٹریٹ تک میٹرو بس چلے گی۔ انتظامیہ نے اندرون شہر راولپنڈی کے بیشتر راستے بند کردیے ہیں جن میں سکستھ روڈ پر کنٹینرز لگا کر فیض آباد کی طرف جانے والا راستہ بند کردیا گیا جب کہ فیض آباد اوجڑی کیمپ کی روڈ کو بند کرکے سیل کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ شاہین چوک اور فیض آباد انٹرچینج کو بھی کنٹینر لگا کر مکمل بند کردیا گیا ہے جبکہ مری روڈ پر جگہ جگہ کنٹینر کھڑے کرنے کے باعث متعدد ایمبولینسز پھنس گئیں جس کے باعث مریضوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں:  عدالتی معاملات میں مداخلت کے خط پر سپریم کورٹ فل کورٹ میٹنگ طلب

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق متبادل کے طور پرپارک روڈ ، ترامڑی چوک اور لہترار روڈ کو اسلام آباد ہائی وے تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سری نگر ہائی وے ، نائنتھ ایونیو اور آئی جےپی روڈ کو راولپنڈی پہنچنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق میٹرو بس سروس آئی جے پی روڈ سے پاک سیکریٹریٹ تک آپریشنل رہے گی۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ہائی کورٹ چوک، کچہری اور مال روڈ پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ تاہم شہری پریشانی سے بچنے کے لیے اسلام آباد کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔