سیٹ پر گولی

معروف ہالی ووڈ اداکار سے فلم کے سیٹ پر گولی چلنے سے خاتون ہلاک

ویب ڈیسک (نیویارک) فلم کا سین حقیقت میں تبدیل ہو گیا، امریکا میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار سے گولی چل گئی جس سے عملے کی خاتون رکن ہلاک اور فلم ڈائریکٹر زخمی ہو گیا۔

امریکی ریاست نیو میکسیکو میں شوٹنگ کے دوران 68 سالہ ایلیک بالڈون ایکشن سین عکس بند کروا رہے تھے، جس میں پروپ گن کا استعمال کیا جانا تھا۔اداکار نے جیسے ہی گن کا استعمال کیاجس کے نتیجے میں گولی چلنے سے فلم کی 42 سالہ خاتون رکن ہلاک ہو گئیں جبکہ ہدایت کار زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سانحے کے بعد پولیس ایلیک بالڈون کو تفتیش کے لیے لے گئے جہاں انہیں آنسووں میں افسردہ حالت میں دیکھا گیا۔ نیو میکسیکو پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم واقعہ کے حوالے سے ابھی تک کوئی رپورٹ درج نہیں کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی قسم کی پروپ گن ہی شوٹنگ کے لیے استعمال کی جاتی ہیں لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کیا اس نقلی گن میں گولی تھی یا گن پاوڈرموجود تھا جس سے حادثہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ الیک بالڈون امریکی اداکار و پروڈیوسر ہونے کے ساتھ ساتھ کامیڈین بھی ہیں تاہم اس فلم میں وہ بحیثیت نہ صرف مرکزی کردار ادا کررہے ہیں بلکہ فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں۔