غٹے روجے

چارسدہ کے مشھور غٹے روجے

ویب ڈیسک :چارسدہ والے ایک قسم کے چاول بناتے ہیں جسے ’’غٹے روجے‘‘ یعنی موٹے چاول کہتے ہیں، غٹے روجے چارسدہ کا مشہور زمانہ لذیذ و صحت بخش، توانائی سے بھرپور پکوان ہے۔ چارسدوال موٹے چاول پاکستان اور کے پی کے میں مشہور ہیں، یہ ایک خاص ڈش ہےجو کہ کے پی کے کے دیہی علاقوں میں تقریباََ ہر غمی یا خوشی کے موقع پربنائی جاتی ہے۔ ​ان چاولوں میں بڑا گوشت وافر مقدار میں ڈالا جاتا ہے، اور یہ گوشت اس میں بالکل شامل ہوجاتا ہے تهریڈز کی صورت میں اور اس میں ثابت مونگ کی دال بهی ڈلتی ہے۔ غٹے روجے لذیز اور حلیم کی طرح لیسدار ہوتے ہیں۔

اجزاء

  • 1- موٹے چاول ایک کلو
  • 2- گائے کا بغیر ہڈی کے گوشت ایک کلو ران یا پنڈلی کا
  • 3- گوشت کی ہڈیاں مکھ والی یک کلو
  • 4- مونگ کی دال ایک پاو
  • 5- پیاز آدھا کلو
  • 6- ٹماٹر آدھا کلو
  • 7- لہسن پیسٹ ایک چائے کا چمچ
  • 8- ادرک پیسٹ ایک کھانے کا چمچ
  • 9-نمک ڈیڑھ چائے کا چمچ سے ایک کھانے کا چمچ یا حسب ذائقہ
  • 10- لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ یا حسب ذائقہ
  • 11- ہلدی ایک چائے کا چمچ
  • 12- کٹی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ
  • 13- گرم مصالحہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ
  • 14- سفید زیرہ ثابت ایک کھانے کا چمچ
  • 15- ہرا دھنیا باریک باریک کٹا ہوا آدھا کپ
  • 16- اچار ایک چھٹانک، پیسٹ بنا لیجئے
  • 17-خالص دیسی گھی / کوکنگ آئل ایک کپ

ترکیب

  1. گوشت اور ہڈیاں دھو کر بڑے دیگچے میں ادرک، لہسن، ہلدی، کٹی لال مرچ اور پسے گرم مصالحے کے ساتھ تین لیٹر پانی ڈال کر ابلنے کے لئے رکھ دیجئے۔
  2. جب ابال آ جائے تو ڈھکن بند کر کے آنچ آہستہ کر کے ڈھکن کو گندھے ہوئے آٹے سے اچھی طرح seal بند کر دیجئے اور رات بھر پکنے دیجئے۔ (پریشر ککر میں بھی گوشت گلا سکتے ہیں)۔
  3. صبح دیگچا کھول کر گوشت چیک کر لیجئے، خوب اچھی طرح پک چکا ہو اور ہڈیوں کی یخنی خوب اچھی طرح نکل چکی ہو ہڈیاں باہر نکال کر یخنی الگ رکھ لیجئے اور گوشت ریشہ ریشہ کر کے الگ رکھ لیجئے۔
  4. مونگ کی دال دھو کر آدھا سے ایک گھنٹے بھگو دیجئے،چاول دھو کر ایک گھنٹے کے لئے بھگو دیجئےمونگ کی دال میں ایک سے سوا لیٹر پانی ڈال کر خوب اچھی طرح پکا لیجئے کہ بالکل ہی گھل جائے۔
  5. اب دیگچے میں خالص دیسی گھی ایک پاو گرم کر کے سفید زیرہ ڈال کر کڑکڑائیں اور پیاز گولڈن فرائی کر کے ٹماٹر اور ہرا دھنیا ڈال کر بھون کر نرم کر لیجئے اور ریشہ ریشہ کیا ہوا گوشت ڈال کر تھوڑا سا بھون کر اس میں مونگ کی پتلی پکائی ہوئی دال شامل کر کے مکس کیجئے
  6. پھر چاول شامل کر کے اچھی طرح مکس کر لیجئے اور یخنی جو کم از کم ڈیڑھ لیٹر ہو گی ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیجئے
  7. اگر یخنی کم ہو تو گرم پانی ڈال لیجئے اور نمک ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کر لیجئے۔
  8. اب ایک چھٹانک آم کے اچار یا مکس اچار کا پیسٹ شامل کر کے خوب اچھی طرح مکس کر لیجئےجب چاول یخنی جذب کر کے خوب اچھی طرح نرم ہو کر پک جائیں تو دو کھانے کے چمچ دیسی گھی فرائنگ پین میں گرم کر کے ایک باریک کٹی ہوئی پیاز گولڈن کر کے چاولوں پر تڑکا /بگھار لگا کر لکڑی کے چمچ / ڈوئی یا گھوٹنے سے خوب اچھی طرح دس پندرہ منٹ گھوٹ لیجئے۔

اللہ کریم کا شکر بجا لاتے ہوئے گرما گرم کھائیں، کھلائیں، خوب لطف اٹھائیں کیونکہ یہ کھانا گرما گرم ہی مزہ دیتا ہے۔