ویب ڈیسک: عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مسلح افواج ہر طرح کے خطرات کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی صدرات منعقد ہوا ، اجلاس میں تینوں سروسز چیفس نے شرکت کی۔ اجلاس میں درپیش چیلنجز اور ان سے نبرد آزما ہونے کے مسلح افواج کے ورک پلان اور خطے میں دیرپا ترقی کے لئے افغانستان میں امن کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس میں عسکری قیادت نے دفاعی افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہارکیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران ہر طرح کے خطرات کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے لئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا گیا، سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو سراہا گیا۔