ویب ڈیسک: معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کی معروف کنٹسٹنٹ اور اداکار سدھارتھ شکلا کی گرل فرینڈ شہناز گِل نے اپنی آواز میں گانا گاکر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ شہناز گِل کا نیا گانا کچھ دیر قبل ہی ریلیز کیا گیا ہے جس میں اُنہوں نے خود گلوکاری کی ہے جبکہ اس گانے میں اُنہوں نے اپنے بوائے فرینڈ سدھارتھ شکلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
بگ باس 13 کےفاتح سدھارتھ شکلا چل بسے
اس گانے کا عنوان ’تُو یہیں ہے‘ ہے، اس گانے کی ویڈیو میں شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی چند حسین یادوں کو بڑی خوبصورتی سے دِکھایا گیا ہے۔ گانے کی گلوکارہ شہناز گِل کی آواز میں سدھارتھ شکلا کی جدائی کا درد دیکھا جاسکتا ہے جبکہ سدناز کے مداح یہ گانا سُن کر جذباتی ہوگئے ہیں یہ گانا صرف 2 گھنٹے قبل ہی ریلیز کیا گیا ہے جسے اب تک ایک ملین سے زائد مداح سُن چکے ہیں۔

خیال رہے کہ شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 2 ستمبر کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا دُنیا سے رخصت ہوگئے تھے جس کے بعد سے اُن کی گرل فرینڈ شہناز گِل شدید صدمے میں تھیں۔