بلدیاتی امیدوار مشکل میں

انگریزی نامزدگی فارم سے بلدیاتی امیدوار مشکل میں

ویب ڈیسک (پشاور) بلدیاتی انتخابات کیلئے خواہشمند امیدواروں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی فارم کا اجراء شروع کردیا گیا صوبے کے 17 اضلاع میں ایک ساتھ فارم کے اجراء کا عمل شروع کیا گیا، صوبے کے تمام ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر سے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فارمز حاصل کئے تاہم فارمز انگریزی میں ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے مطابق گزشتہ روز کاغذات نامزدگی فارمز کا اجراء کیا گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے پشاور، مردان، چارسدہ ، صوابی ، مردان، کوہاٹ ، کرک ، ہنگو ، لکی مروت ، ٹانک ، بنوں ، ڈی آئی خان ، خیبر، مہمند ، باجوڑ ، بونیر اور ہری پور میں کاغذات نامزدگی فارمز ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر سے حاصل کئے گئے. تاہم امیدواروں کیجانب سے کاغذات نامزدگی فارمز انگریزی میں ہونے کی شکایات کی گئیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کی جانب سے غزہ میں غذائی قلت کے دعوے مسترد

بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع ،عوامی نوٹس آج لگے گا

شہریوں کے مطابق فارمز انگریزی میں ہونے کی وجہ سے کئی تعلیم سے محروم امیدوار اسے پُر کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں اور انہیں کسی دوسرے کی مدد لینی پڑرہی ہے جس کیلئے وہ کسی اور پر اعتماد نہیں کرسکتے شہریوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ کاغذات نامزدگی فارمز اردو زبان میں تقسیم کریں تاکہ شہریوں کو فارمز پر کرنے میں آسانی ہو۔

مزید پڑھیں:  ٹانک میں بارشیں: کوٹ اللہ داد کا پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا

ڈائریکٹر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا خوشحال زادہ نے مشرق ٹی وی کے پروگرام سنٹر پوائنٹ میں کہا کہ قانون کی تیاری خیبر پختونخوا حکومت کی ذمہ داری تھی اور صوبائی حکومت کے منظور شدہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں نامزدگی فارم انگریزی میں ہے. جس کے باعث فارم انگریزی میں جاری کیا گیا ہے اگر قانون میں اردو زبان کا فارم شامل کیا جاتا تو اردو میں بھی فارم تیار کرلیا جاتا، خوشحال زادہ نے واضح کیا کہ اب کافی دیر ہو گئی ہے اور اب فارم انگریزی میں ہی پر کرنا لازمی ہوگا اور یہی انگریزی کا فارم قابل قبول ہوگا۔