بلدیاتی الیکشن

بلدیاتی الیکشن التوا کی بازگشت

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر سے ملتوی ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں صوبے میں جماعتی بنیادوں پر ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں کے انتخابات میں درپیش تکنیکی مسائل کے باعث بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہو سکتی ہے۔


مشرق ٹی وی کے پروگرام سنٹر پوائنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے سربراہ حمایت اللہ مایار نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں تین جنرل کونسلرز کی تعداد ہے جبکہ جماعتی بنیادوں پر تین ارکان کا انتخاب ممکن نہیں ہے ایسے میں غالب گمان یہی ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی جائے اور اس کیلئے مزید وقت درکار ہوگا ترمیم کی ضرورت کے پیش نظر موجودہ انتخابی شیڈول پر بلدیاتی انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے ۔
سینیٹر مشتا ق احمد خان نے پروگرام میں کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے آئین کا حوالہ دے کر فیصلہ کیا ہے لہذا اس کیلئے قانون میں فی الفور ترمیم ضروری نہیں ہے الیکشن کمیشن ان تین کونسلرز کے انتخاب کا طریقہ وضع کریگا اور الیکشن کے بعد ترمیم لا کر اسے قانونی تحفظ دیا جا سکے گا۔