وزیر اعلی خیبر پختونخوا

ہرحلقے کیلئے1ارب کاپیکیج

ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے آئندہ برس کے ترقیاتی فنڈز کو فوڈ سبسڈی پر خرچ کرنے کا اعلان کردیا جبکہ رواں برس پشاور کے ہر حلقہ میں ایک ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز استعمال کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

پشاور میں پاکستان تحریک انصاف نے دلزاک روڈ پرجلسہ منعقد کیا جلسہ میں وزیر اعلی محمود خان کے ساتھ سینیٹر فلک ناز چترالی، پشاور سے پی ٹی آئی کے منتخب ارکان قومی صوبائی اسمبلی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ مہنگائی سے کوئی انکار نہیں ہے لیکن عمران خان کو اس مشکل دور میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے کوئی بھی قوم تب بنتی ہے جب وہ مشکل دور سے گزرے آج یہی مشکل دور پاکستانی قوم پر آیا ہے جو وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں کامیابی سے گزارا جائیگا۔

وزیر اعلی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھی مہنگائی ہے خوراک کیلئے ہمیں منصوبہ بندی کرنی پڑتی ہے جنوبی اضلاع کی 7لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی کو پانی کی رسائی ممکن بناکر آئندہ نسلوں کیلئے خوراک کی کمی کو پورا کریں گے اس ضمن میں 6سے 7سال میں گومل زام ڈیم، چشمہ رائٹ بینک کینال اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے ۔

مزید پڑھیں:  وفاقی دارالحکومت پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

وزیرا علی نے کہا کہ 10ارب روپے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے رکھے تھے لیکن وفاقی حکومت نے 135ارب کے پیکج کا اعلان کردیا جس میں 70فیصد حصہ خیبر پختونخوا کا ہے 10ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کرلی ہے آئندہ چندروز میں چینی 90روپے کلو دستیاب ہوگی۔ آٹے کی ضرورت پوری کرنے کیلئے ساڑھے 5لاکھ ٹن گندم درآمد کی گئی ہے ، محمود خان نے کہا کہ پشاور مستقبل میں ایک معاشی مرکز بننے والا ہے جس کی منصوبہ بندی شروع کردی گئی ہے۔ پشاور کے اطراف موٹرویز تعمیر کی جائیں گی تاکہ معاشی طور پر اسے قابل رسائی بھی بنایا جا سکے اس وقت پشاور کو جنوبی اضلاع سے منسلک کرنے کیلئے پشاور ڈی آئی خان موٹر ویز ، طورخم تک خیبر پاس موٹریز، رنگ روڈ مسنگ لنک اور نادرن بائی پاس کی تعمیر پر کام شروع کیا گیا ہے ان تمام سڑکوں کی تعمیر سے پشاور میں ٹریفک کا مسئلہ بھی حل ہوجائیگا۔

مزید پڑھیں:  عالمی کساد بازاری کا خدشہ، پاکستان میں لوہے کی قیمتوں میں کمی

وزیرا علی محمود خان نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے پلان موجود ہے۔ سب سے پہلے صحت کارڈ، پھر کسان کارڈ ایسے کسانوں کیلئے لائے جنہیں کیڑے مار ادویات، بیج اور کھاد ارزاں نرخوں پر میسر ہوگی اور اب تعلیم کارڈ لا رہے ہیں جس سے غریب کا بچہ بھی بہترین تعلیمی ادارے میں پڑ ھ سکے گا نوجوانوں کو بلا سود قرضے دئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پشاور کے ہر حلقہ میں جلسہ کیا جائیگا اور آغاز موٹروے کے قریب ارباب جہانداد کے حلقے سے کرینگے پشاور کے بعد محمود خان نے بنوں، کرک، لکی مروت اور بعد میں قبائلی اضلاع کے دوروں کا اعلان بھی کردیا۔