بجلی مزید 2 روپے مہنگی

بجلی مزید 2 روپے 52 پیسے مہنگی

ویب ڈیسک: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے سی سی پی اے کی درخواست پر بجلی2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نیپرا کیجانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی درخواست پربجلی کی قیمت میں ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 52 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، بجلی کی قیمت میں اضافہ نومبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

یادرہے کہ چندروزقبل ہی نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 68 پیسے اضافے کی منظوری دی تھی جس کے بعدبجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت 15 روپے 36 پیسے ہو گئی تھی تاہم ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین اس اضافے سے مستثنیٰ تھے ۔ کمرشل و صنعتی صارفین کیلئے بنیادی ٹیرف میں1 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا ۔ نیپرا کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق بھی یکم نومبر سے ہوگا۔ بنیادی ٹیرف میں اضافے کے بعد 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 13 روپے 83 پیسے فی یونٹ ہو گئی تھی۔ 400 سے 700 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین 21 روپے 23 پیسے فی یونٹ ادا کریں گے جبکہ 700 اور زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے یونٹ قیمت 24 روپے 33 پیسے مقرر کی گئی ہے ۔

مزید پڑھیں:  فافن نے ضمنی الیکشن میں ٹرن آؤٹ کو کم قرار دے دیا
مزید پڑھیں:  ممند خیل قوم کو باران ڈیم اراضی کا 20 کروڑ روپے معاوضہ ادا

واضح رہے کہ حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کرنے کے علاوہ موسم سرما میں اضافی بجلی کے استعمال پر خصوصی ٹیرف بھی متعارف کروایا ہے، جس کے تحت یکم نومبر سے 28 فروری تک گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔