گداگروں کیخلاف کریک ڈائون

پیشہ ور گداگروں کیخلاف کریک ڈائون جاری’ مزید 35 گرفتار

ویب ڈیسک :کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن(ر) خالد محمود کی ہدایات پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میڈم گل بانو کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنرڈاکٹر احتشام الحق، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم اور ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر یونس آفریدی نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کی ۔

کارروائی کے دوران پشاور شہر کے مختلف علاقوں خیبر بازار، قصہ خوانی، چوک یادگار، گھنٹہ گھر، مینا بازار اور اندرون شہر مختلف بازاروں سے 35 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کرلیا۔ان گداگروں کے خلاف لوکل گورنمنٹ گداگری ایکٹ اور سیکشن 188کے تحت ایف آئی آرز درج کرلی گئی ہیں۔ آپریشن میں خواتین پولیس نے بھی حصہ لیا۔

انتظامی افسران نے مزید کارروائی کرتے ہوئے رنگ روڈ پر سینکڑوں کی تعداد میں جھگیوں میں رہنے والے گداگروں کو 24 گھنٹے کے اندر جھگیاں خالی کر کے اپنے علاقوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ پشاور میں 1356 پیشہ ور گداگروں اور ان کی سرپرستی کرنے والے 21 ٹھیکیداروں کی نشاندہی کی گئی تھی ۔