پاکستان کو ناقص فیلڈنگ لے ڈوبی

ناقص فیلڈنگ لے ڈوبی

ویب ڈیسک:(دبئی) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی پاکستان ٹیم آسٹریلوی قلعہ فتح کرنے میں ناکام رہی اور ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی جبکہ آسٹریلیا فائنل میں پہنچ گیا۔

پاکستان نے آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں4وکٹوں کے نقصان پر 176رنز بنائے، محمد رضوان 67 اور فخر زمان 55 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا نے 177 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستان ٹیم کو شکست دی۔ میتھیو ویڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔177رنزکے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ رہا اور پہلے ہی اوور میں کپتان ایرون فنچ صفر پر شاہین شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان 51 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن جب آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 52 رنز پر پہنچا تو مچل مارش 22 گیندوں پر 28 رنز بناکر شاداب کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 77 رنز پر گری،اسٹیون اسمتھ 5 رنز بناکر شاداب کا شکار بنے۔ پاکستان کو چوتھی کامیابی 89 رنز پر ملی جب سیٹ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر 49 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ انہیں بھی شاداب نے آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا کو پانچواں نقصان 96 رنز پر اُٹھانا پڑا جب خطرناک بیٹر گلین میکسویل 7 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ 5 وکٹیں گرنے کے بعد مارکس اسٹوئنس اور متھیو ویڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اپنی ٹیم کو دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا دیا۔ 19ویں اوور میں حسن علی نے میتھو ویڈ کا کیچ چھوڑ دیا جو پاکستان کی شکست کی وجہ بنی۔ کیچ ڈراپ ہونے کے بعد میتھیو ویڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو لگاتار تین چھکے رسید کرکے میچ اپنے حق میں کرلیا۔ میتھو ویڈ نے 17 گیندوں پر برق رفتار 41 رنز بنائے جبکہ مارکس اسٹوئنس نے 40 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں:  عالمی کساد بازاری کا خدشہ، پاکستان میں لوہے کی قیمتوں میں کمی
مزید پڑھیں:  مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو ،پہلی بار وزیر خارجہ شامل

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 14 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اچھی ٹیم کو اگر چانس دیں گے تو میچ جیتنا مشکل ہوجاتا ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ حسن علی کا کیچ ڈراپ کرنا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ جس طرح ٹیم نے ایونٹ کھیلا میں بطور کپتان مطمئن ہوں۔ دوسری طرف حسن علی کی جانب سے اہم موقع پر کیچ ڈراپ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا اور حسن علی پر میمز کا سلسلہ شروع ہوگیا۔