مس مارول پاکستانی لڑکی کا انتخاب

ہلی مسلم سُپر ہیرو ‘مس مارول’ کے لئے پاکستانی لڑکی کا انتخاب

ویب ڈیسک: مارول اسٹوڈیو نے اپنی ویب سیریز ‘مس مارول’ کا مختصر ٹیزر جاری کردیا، پہلی مسلم خاتون سُپر ہیرو سیریز کے لیے پاکستانی نژاد لڑکی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مارول اسٹوڈیو کی جانب سے شیئر کیے گئے ٹیزر میں ریاست نیو جرسی کی ایمان ولانی کو پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ 16 سالہ ایمان ولانی نے سپر ہیرو سیریز میں پاکستانی نژاد کردار کمالہ خان کا روپ دھارا ہے۔

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں مرکزی کردار کا پس منظر بھی دکھایا گیا ہے. جب کہ ٹیزر میں مسلمان نماز پڑھتے ہوئے بھی نظر آرہے ہیں۔ ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ سُپر ہیرو ‘کمالہ خان’ کس طرح مختلف صلاحیتوں کی مالک لڑکی ہیں. جو مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کرتی ہیں اور دنیا کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ مس مارول ”کمالہ خان” کے کردار کو 2014 میں متعارف کیا گیا تھا. اور 2015 میں اس سیریز نے بہترین گرافک اسٹوری کے لیے ہیوگو ایوارڈ اپنے نام کیا۔ مارول کومک نے آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے سمیت 4 مسلم ہدایت کاروں کی خدمات بھی حاصل کیں ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ویب سیریز کی کہانی نہ صرف پاکستانی بلکہ مسلم لڑکی کے گرد گھومے گی۔’مس مارول’ نامی ویب سیریز میں متعدد پاکستانی اداکار، فلم ساز اور دیگر تکنیکی افراد بھی اپنی صلاحتیں استعمال کرتے دکھائی دیں گے۔ اسٹوڈیو اعلان کر چکا ہے کہ ‘مس مارول’ کو 2022 کے موسم سرما میں پیش کیا جائے گا۔’مس مارول’ میں پاکستانی اداکارہ ثنا بچہ بھی نظر آئیں گی۔ ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں شامل ہوں گی۔