بلااجازت موبائل سمیں

خواتین کے نام پر بلا اجازت موبائل سمیں جاری، معاملہ اسمبلی پہنچ گیا

ویب ڈیسک(پشاور) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے بونیر تحصیل خدو خیل پی کے 22 میں خواتین کے شناختی کارڈز پر ان کی اجازت کے بغیر موبائل سم کے اجرا کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرا دیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تحصیل خدو خیل ( بونیرپی کے 22 ) میں خواتین کے شناختی کارڈز پر موبائل سم نمبرز جاری ہوچکے ہیں۔ متعلقہ خواتین کی اجازت کے بغیر یہ نمبر جاری کئے گئے ہیں جس سے علاقے میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ علاقہ کے لوگوں کی بار بار یاد دہانی کے باوجود مسئلے کا کوئی خاطرخواہ حل سامنے نہیں آیا۔ انتظامیہ کو بار بار عوام کی جانب سے شکایات جمع کرانے کے باوجود شنوائی نہیں ہو رہی۔ یہ موبائل نمبر مختلف جرائم میں استعمال ہوسکتے ہیں، تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ علاقے کے عوام کا مسئلہ حل ہوسکے۔ موبائل کمپنیوں کو اس طرح کی شکایات کا فوری ازالہ انتہائی ضروری اور حکومتی اقدامات اٹھانا، حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ خواتین کے شناختی کارڈز پر غیر افراد کو موبائل نمبرز جاری کرنا سنگین غلطی اور جرم ہے۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کئے جائیں اور ملوث ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے۔

مزید پڑھیں:  پاک افغان تجارتی معاہدہ ،ڈرائیورز کیلئے ویزا اور پاسپورٹ کی شرط ختم