ناغہ سے مستنثیٰ

پشاور کے ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس گوشت کے ناغہ سے مستنثیٰ

ویب ڈیسک(پشاور) پاکستان ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس عملہ کی کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور خالد محمود، ڈی جی حلال فوڈ اتھارٹی پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ راشنگ کنٹرولر محکمہ فوڈ، پشاور ڈویژن کے ٹی ایم ایز کے علاوہ پرائس چیکنگ سے متعلق تمام محکموں کے اعلی افسربھی موجود تھے۔

پشاور کے ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس

ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حبیب اللہ زاہد کا کہنا تھا کہ پشاور کے تمام ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ میں کام کرنے والے عملے کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے کورونا ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کی جارہی ہے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور نے اعلان کیا کہ چونکہ کورونا ویکسنی نیشن مہم کے دوران ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے زبردست ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ وہ پورے ملک میں گوشت کی وافر مقدار موجود ہے اور گوشت کی کوئی کمی نہیں لہٰذا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایات کے مطابق بطور انعام پشاور ڈویژن کے تمام ہوٹل اور ریسٹورنٹس کو منگل اور بدھ کے دن گوشت کے ناغہ سے مستثنی قرار دے دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  افغانستان میں بارش اور سیلابی ریلے ، 33افراد جاں بحق
مزید پڑھیں:  روٹی کی قیمت میں کمی، 100 گرام روٹی 15 روپے مقرر

انہوں نے کہا کہ قصابوں کیلئے معمول کی پابندی برقرار رہے گی، انہوں نے پرائس چیکنگ سے متعلق تمام سرکاری افسروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ چیکنگ کے دوران کسی بھی باوردی شخص کو اپنے ساتھ ہوٹل کے اندر یا کچن میں جانے نہ دیں تاکہ ہوٹلوں میں موجود لوگوں میں بے چینی نہ پھیلے اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی اعلان جس طرح آج ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس کے لئے اعلان کیا جا رہا ہے اگر انتظامیہ کیساتھ تعاون جاری رہا تو مزید رعایت دی جائے گی۔