ثانیہ نشتر

احساس راشن پروگرام کیلئے کریانہ سٹوروں کی رجسٹریشن کا اعلان

ویب ڈیسک: وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعہ کو کے پی کے اراکین پارلیمنٹ کو احساس راشن ریاست رجسٹریشن کے بارے میں بریفنگ دینے کیلئے پشاورکا دورہ کیا۔

اجلاس کے پی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ بریفنگ میں سپیکر مشتاق احمد غنی ڈپٹی سپیکر محمود جان، وزیر خزانہ اور صحت تیمور سلیم جھگڑا اور نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ اراکین اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس بات پر زور دیا کہ وہ صوبہ بھر میں کریانہ کی دکانوں اور مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن میں احساس کیساتھ تعاون کریں۔ اس ہفتے میں ڈاکٹر ثانیہ کی صوبائی پارلیمنٹرینز کیساتھ یہ دوسری ملاقات تھی۔

ڈاکٹر ثانیہ نے پروگرام کی رجسٹریشن اور آپریشنل طریقوں کی جامع وضاحت کی۔ کریانہ کے تاجر ویب پورٹل https://ehsaasrashan.pass.gov.pk/ کے ذریعے پروگرام میں رجسٹر ہو سکتے ہیں۔ ملک میں کہیں بھی کام کرنے والے کریانہ کے تاجروں کے پاس رجسٹریشن کیلئے بینک اکائونٹ ہونا ضروری ہے۔ جن کے بینک اکائونٹس نہیں ہیں انہیں NBP کی شاخوں میں اپنے اکائونٹ کھولنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ کریانہ کے مالکان احساس کی سبسڈیز پر مراعات کے طور پر خاطر خواہ کمیشن بھی حاصل کرینگے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کریانہ مالکان کو کاریں، موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور دیگر کئی انعامات دینے کے لیے ہر تین ماہ بعد لکی قرعہ اندازی بھی کی جائے گی۔ خاندان کے اندراج کے بارے میں ڈاکٹر ثانیہ نے بریف کیا، وہ خاندان جن کی ماہانہ آمدنی 50,000 روپے سے کم ہے تو وہ 8171 کے ذریعے یا ویب پورٹل کے ذریعے اپنے شناختی کارڈاور اسی پر جاری کردہ سیل فون نمبر کے ذریعے رجسٹر ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  انٹراپارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کو نوٹس، 30 اپریل کو پیشی کی ہدایت

انہوں کہا ایک خاندان کا صرف ایک فرد راشن کیلئے اندراج کرا سکتا ہے۔ درخواست دہندگان کے خاندانوں کو 8171 سے اہلیت کے پیغامات بھیجے جائیں گے۔ کابینہ کی طرف سے منظور کردہ نئے معیار کے مطابق، غیر ملکی مسافروں کے مستحق خاندان، کم آمدنی والے سرکاری ملازمین اور سیل فون کے زیادہ بل والے افراد بھی راشن پروگرام میں رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر ثانیہ نے پروگرام میں شرکت پر کے پی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دیگر شریک صوبوں کی طرح، احساس اور کے پی 35:65 کے تناسب سے لاگت کا اشتراک کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  امریکہ چین کے ساتھ پائیدار بات چیت کیلئَے پرعزم ہے، انٹونی بلنکن

اراکین پارلیمنٹ نے پروگرام میں شفافیت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پروگرام کے نفاذ کے بارے میں آگاہی کے لیے مکمل تعاون کو یقینی بنایا۔ احساس راشن کے ذریعے 20 ملین اہل خاندان کریانہ کے مقرر کردہ سٹورز سے آٹے، کوکنگ آئل،گھی اور دالوں کی خریداری پر 1000روپے ماہانہ کی سبسڈی حاصل کریں گے۔ رواں مالی سال اس پروگرام کا بجٹ 120 ارب روپے ہے ۔ احساس کے تحت، اس پروگرام کو NBP کے تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ راشن سے مستفید ہونے والوں کی خدمت کیلئے ایک موبائل پوائنٹ آف سیل سسٹم (mPOS) ایپ بھی تیار کی ہے۔