مشرق ٹی وی کی خبر

مشرق ٹی وی اور اخبار کی خبر ننھی طالبات کیلئے نئی اُمید بن گئی

ویب ڈیسک :مشرق ٹی وی کی رپورٹ اور روزنامہ مشرق کی خبر ننھی طالبات کیلئے نئی اُمید بن گئی، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کوٹکہ اقلیم خان کلہ ڈومیل کی از سر نو تعمیر کیلئے  2 کروڑ 14لاکھ  40 ہزار روپے کی منظوری دے دی گئی.

گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کوٹکہ حبیب اللہ اقلیم خان کلے کی عمارت کے نشانات بھی ختم ہونے کے قریب تھے مشرق ٹی وی اور روز نامہ مشرق یہاں کی ننھی طالبات کی آوازبن گئے اور اقلیم خان کلے گرلز سکول کا مسئلہ حکام بالا تک پہنچانے کی بھر پور کوشش کی جو آ خر کار کامیابی ملی اور سکول نئے سرے سے تعمیر کیلئے  21.440  ملین روپے جاری کر دیئے گئے مالک مکان گل رف خان اور نقیب اللہ خان نے سیکرٹری تعلیم اور مشرق کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ 1980 کے بعد سکول کی مرمت کیلئے کسی قسم کافنڈ ریلیز نہیں ہوا جس کے باعث اب یہ عمارت اتنی خستہ حال ہو چکی ہے کہ پڑھانے کے لائق نہیں رہی، کلاس رومز کی چھتیں اور دیواریں گر چکی ہیں بلکہ اب تو سکول کی عمارت کے نشانات بھی ختم ہو رہے ہیں صرف نقشہ کاغذات میں موجود ہے باقی زمینی طور پر عمارت نہ ہونے کے برابر ہے۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین پی اے سی کے نام پر حکومت اور اپوزیشن میں نیا تنازعہ

اُنہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وہ گزشتہ دس سالوں سے خیبر پختونخوا حکومت،محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کو خط پہ خط بھیجتے رہے اب کئی سالوں سے بچیوں کیلئے اپنے خرچے پر کرایہ پر پرائیویٹ مکان لیا ہے جہاں پر اُنہیں پڑھایا جا رہا ہے تاکہ یہ بچیاں سکول کی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ ہوں اب نہ صرف سکول کی عمارت نئی سرے سے تعمیر کی جائے گی بلکہ اس سے یہاں کے والدین اور بچیوں کیلئے بھی نئی امید پیدا ہو گئی، واضح رہے کہ اس سے قبل مشرق ٹی وی کی رپورٹ پر سکول کے پڑوس میں واقع گورنمنٹ مڈل سکول کوٹکہ اقلیم خان کلہ کے مڈل سکیشن کیلئے بھی ایک کروڑ سے زائد روپے منظور ہو ئے تھے جس پر کام جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی