سجدہ تلاوت

بعد میں آنے والے پر سجدہ تلاوت کا حکم

سوال: امام نے سجدہ تلاوت پڑھ کر سجدہ کیا ، اس دوران ایک شخص آیا اس نے آیت سنی لیکن نماز میں شریک نہیں ہوا کہ امام سجدہ سے فارغ ہو، اس کے بعد شریک ہوا تو اب یہ شخص سجدہ تلاوت کرے گا یا نہیں؟

جواب: صورت مسئولہ میں یہ مسبوق مقتدی اپنی نماز سے فارغ ہونے کے بعد سجدہ تلاوت کرے گا۔ دوران نماز نہیں کرے گا ۔ (ھندیہ جلد اول ص 133، حاشیہ طحطاوی، ص 492)

غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانا
سوال: جو لوگ غیر قانونی طور سے باہر ممالک چلے جاتے ہیں ، ان کا جانا شرعاً کیسا ہے، نیز ان کی کمائی حلال ہے یا حرام؟

جواب: کوئی ملک مفاد عامہ کے خاطرکسی مباح چیز پر پابندی عائد کر دے تو اس کی پابندی کرنا شرعاً بھی ضروری ہو جاتا ہے ،نیز جو شخص کسی ملک کا شہری ہے تو وہ قولاً یا عملاً یہ معاہدہ کرتا ہے کہ وہ حکومت کے جائز قوانین کا پابند رہے گا لہٰذا جب تک حکومت کا کوئی قانون معصیت پر مشتمل نہ ہو اس کی پابندی کی جائے۔ لہٰذا صورت مسئولہ میں لوگوں کا دوسرے ممالک خفیہ طور پر غیر قانونی طریقہ پر جانا جائز نہیں ۔ نیز اس طریقے پر جانے میں خود کو ہلاکت میں ڈالنے یا خود کو رسوا اور ذلیل کرنے کے خطرات سے دوچارکرنا ہے ۔ اور خود کو ہلاک کرنا یا رسوائی کے لیے پیش کرنا بھی جائز نہیں ۔ لہٰذا غیر قانونی طریقوں سے بیرون ممالک جانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ تاہم اگر کوئی شخص غیر قانونی طور پر کسی ملک پہنچ کرجائز طریقے سے مال کمائے تو وہ کمائی حرام نہ ہو گی۔