خیبر پختو نخوا میں خشک سردی

خیبر پختو نخوا خشک سردی کی لپیٹ میں

ویب ڈیسک(پشاور) سرد ہوائیں چلنے سے خیبر پختونخوا کو شدید اور خشک سردی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، سرد مرطوب علاقوں کے علاوہ گرم علاقوں میں بھی چند روز سے درجہ حرارت کئی سینٹی گریڈ نیچے آن گرا ہے، اتوار کے روز ضلع دیر میں سب سے زیادہ سردی منفی تین سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ چترال میں سردی کا پیمانہ منفی ایک سینٹی گریڈ اور پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت5 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ کے بیشتر اضلاع بشمول پشاور موسم جزوی طور پر ابر آلود، خشک اور سرد رہا ہے، بالائی اضلاع میں بھی موسم جزوی ابر آلود ریکارڈ کیا گیا ہے، آج پیر کے روز بھی صوبہ کے بیشتر اضلاع میں بشمول پشاور موسم خشک اورسرد جبکہ بالائی اضلاع میں موسم جزوی طور پرابرآلود رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے وقت چترال، دیر، بونیر،کالام ،مالاکنڈاور سوات میں بوندا باندی اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان اسمبلی کا طلب کیا جانے والا اجلاس ملتوی

دوسری جانب شدید سردی کی وجہ سے پشاور میں بھی شام کے بعد کاروبار زندگی محدود ہو گئِ ہے، کہر آلود موسم کی وجہ سے بعض علاقوں میں حد نگاہ بھی کم اور لوگ گھروں تک محدود رہے، گذشتہ روز پشاور میں کم از کم درجہ حرارت پانچ درجہ سینٹی گریڈ، ڈی آئی خان میں سات سینٹی گریڈ، بنوں میں پانچ سینٹی گریڈ جبکہ ایبٹ آباد میں ایک سینٹی گریڈ اور سیدو شریف میں2سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے، مالم جبہ میں درجہ حرارت صفر ریکارڈ کیا گیا ہے اس صورتحال میں شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں شدید دھند پھیلنے اور سردی کا پیمانہ گرم مرطوب اضلاع میں بھی منفی سینٹی گریڈ میں جانے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا حکومت کا وکلا اور کسٹمز ایجنٹس پر فکس ٹیکس لگانے کا فیصلہ