خواب میں چابیوں کی پیش کش

خواب میں چابیوں کی پیش کش

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا :”مجھے جوامع الکلم دے کر بھیجا گیا ہے۔اور میری مدد رُعب کے ذریعے سے کی گئی ہے اور میں سویا ہوا تھا کہ زمین کے خزانوں کی چابیاں میرے پاس لائی گئیں اور میرے ہاتھ میں رکھ دی گئیں”۔امام ابن سیرین رحمة اللہ کہتے ہیں:خواب میں چابی ملنے کی تعبیر یہ ہے کہ کام آسان ہوگا۔ دشمن پر فتح نصیب ہوگی اور یہ بھی کہ اللہ تعالیٰ عزت سے نواز ے گا ۔

قرآن مجید میں ہے:ترجمہاسی کے پاس آسمان اور زمین کی چابیاں ہیں”۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا خواب میں دکھائی گئیں
سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”مجھے تم خواب میں دومرتبہ دکھائی گئی۔ایک شخص تمھیں ریشم کے پارچے میں اٹھائے ہوئے تھا۔اس نے (مجھ سے )کہا کہ یہ آپ کی بیوی ہے اس کے (چہرے )سے پردہ ہٹائیں ۔میں نے پردہ اُٹھایا تو وہ تمہی تھیں۔ میں نے سوچا اگر یہ خواب اللہ کی طرف سے ہے تو پھر وہ خودی ہی انجام تک پہنچائے گا”خواب میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا دکھائی گئی تھیں ۔اس سے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی فضلیت ،عظمت اور طہارت اُجاگر ہوتی ہے۔ منافقوں نے ان پر تہمت لگائی تو اللہ تعالیٰ نے سورة نور میں ان کی پاکبازی اور طہارت کا اعلان کر دیا۔

مزید پڑھیں:  عمرہ زائرین کو مقررہ 3 ماہ کے اندر اپنے وطن لوٹنا ہوگا، اعلامیہ جاری
مزید پڑھیں:  سفارتی تعلقات بحال، 9 سال بعد ایران سے معتمرین عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ

ریشم کے ٹکڑے میں لپٹے ہونے کا مطلب یہ تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان سے نکاح کریں گے۔ریشمی لباس پہننا عورتوں کے لیے جائز ہے ،اس وجہ سے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کو ریشم کے پارچے میں دکھایا گیا ۔خواب میں عورت نظر آئے تو اس سے یہ مراد ہوتا ہے کہ دنیا حاصل ہوگی ۔رزق میں فراخی ہوگی۔امام ابن سیرین رحمة اللہ کا کہنا ہے :خواب میں ریشم کا دیکھنا اس امر کی طرف اشارہ ہوتا ہے کہ مال میں وسعت ملے گی ،خیر و برکت ،عزت ومرتبہ،ریاست اور بزرگی نصیب ہوگی۔

(سچے خوابوں کے سنہرے واقعات)