دیوبند نے سعودی الزامات مسترد کردیئے

دارالعلوم دیوبند نے تبلیغی جماعت پر سعودی الزامات مسترد کردیئے

ویب ڈیسک :دارالعلوم دیوبند کے مہتمم شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے سعودی عرب کی طرف تبلیغی جماعت کیخلاف مہم جوئی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا محمد الیاس دارالعلوم کے صدر المدرسین شیخ الہند مولانا محمودالحسن کے شاگردوں میں سے تھے، انہوں نے تبلیغی جماعت قائم کی جس کے تحت اکابر کی مخلصانہ جدوجہد دینی وعملی اعتبار سے مفید رہی ہے، جزوی اختلافات کے باوجود جماعت اپنے مشن پر کام کررہی ہے۔ کم وبیش تمام عالم میں اس کا کام پھیلا ہوا ہے اور اس سے وابستہ افراد اور جماعت کے مجموعی مزاج پر شرک ، بدعت اور دہشتگردی کا الزام قطعاً بے بنیاد اور بے معنی ہے۔ دارالعلوم دیوبند اس کی مذمت کرتا ہے اور حکومت سعودی عرب سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنے فیصلے پرنظرثانی کرے اور تبلیغی جماعت کیخلاف اس قسم کی مہم سے اجتناب کرے۔

یادرہے کہ سعودی عرب میں حالیہ جمعہ سے کچھ مساجدمیں ایک خطبہ دیا جارہا ہے کہ سعودی عرب ہی ایک ایساملک ہے جوایک ہی جماعت اور راستے پر چل رہا تھا کہ باہر سے کچھ جماعتیں آئیں اور اس ایک جماعت ایک مذہب پر چلنے والے لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی تاکہ سعودی شہریوں کااتحاد پارہ پارہ ہو جائے۔ ان معروف جماعتوں میں سے ایک تبلیغی جماعت بھی ہے جو اپنے آپ کو سعودی عرب میں احباب کے نام سے پکارتے ہیں۔ اس جماعت کی اصل ہند میں ہے۔ یہ جماعت پیغمبر اسلام کے کئی طریقوں کے خلاف چلتی ہے ۔ یہ جماعت بغیر علم کے دعوت کے لیے نکلتی ہے۔ یہ اللہ اور پیغمبر اسلام کے طریقے کے برخلاف ہے۔ یہ وہ جماعت ہے جس سے دہشت گرد گروپ بھی پیدا ہوئے۔

مزید پڑھیں:  امریکہ جارحانہ کارروائیوں کی بجائے امن کیلئے کوشاں ہے، انٹونی بلنکن

ان کے ساتھ چلنے والے لوگ علم کی کمی کا شکار ہو کر تکفیری جماعتوں کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔ اسی وجہ سے دہشت گرد جماعتوں کے لوگ جو کہ یہاں سعودی عرب کی جیلوں میں بند ہیں، ان کے بارے میں تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ یہ پہلے تبلیغی جماعت میں شامل تھے۔ اس لئے سعودی عرب کی فتویٰ دینے والی کمیٹی نے قرار دیا ہے کہ تبلیغی جماعت یا احباب کے ساتھ شریک ہونا جائز نہیں ہے۔ ہم پر واجب ہے کہ ہم ان کی دعوت کو قبول نہ کریں۔ یہ جماعت اور اس جیسی جماعتیں ہمارے اتحاد کو پارہ پارہ کر دیں گی۔ یہ کسی بھی صورت میں جائز نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، سوشل میڈیا پر منفی مواد کی تشہیر، مشعال اعظم ایڈووکیٹ 20 اپریل کو طلب

سعودی عرب کے وزیرمذہبی اُمور ڈاکٹر شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ نے اپنی ایک ٹویٹ میں بھی سعودی عرب میں جمعے کے خطبے میں تبلیغی جماعت کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ اس پر پاکستان میں تبلیغی جماعت کے سرکردہ رہنمائوں نے کوئی بھی بات کرنے سے انکار کر دیا ہے تاہم دارالعلوم دیوبند انڈیا نے اس پر اپنا مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے تبلیغی جماعت پر عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔