سابقہ اہلیہ کو 733 ملین ڈالر

دبئی کے حکمران سابقہ اہلیہ کو 733 ملین ڈالر ادا کریں، برطانوی عدالت

برطانوی عدالت نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کو اپنے 2 بچوں کی پرورش کے لیے سابق اہلیہ شہزادی حیا بنت حسین کو 733 ملین ڈالر کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن کی ہائی کورٹ نے دبئی کے حکمراں محمد بن راشد المکتوم پر ان کی سابق اہلیہ اور اردن کے بادشاہ کی سوتیلی بہن حیا بنت حسین کے دو بچوں کی تحویل اور کفالت کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں محمد بن راشد المکتوم کو سابق اہلیہ حیا بنت حسین کے لیے 554 ملین پائونڈ یعنی 733 ملین ڈالر کا برطانوی ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 251 ملین پائونڈ کی رقم تین ماہ کے اندر اہلیہ کو ادا کریں۔

مزید پڑھیں:  امریکہ جارحانہ کارروائیوں کی بجائے امن کیلئے کوشاں ہے، انٹونی بلنکن

عدالت نے فیصلے میں 14 سالہ بیٹی جلیلہ اور 9 سالہ زید کی تعلیم کے لیے 3 ملین پائونڈ اور 9.6 ملین پائونڈ بقایا جات کی مد میں فراہم کرنے کا حکم بھی دیتے ہوئے بچوں کی دیکھ بھال اور بالغ ہونے پر ان کی حفاظت کے لیے سالانہ 11.2 ملین پائونڈ ادا کرنے کے لیے کہا۔ان رقوم کی فراہمی سیکیورٹی باؤنڈز کے ذریعے کی جائے گی ۔ برطانوی فیملی کورٹ میں بچوں کی کفالت کی یہ سب سے بڑی رقم ہے اس کے باوجود یہ رقم شہزادی حیا بنت حسین کے 1.4 ارب پاؤنڈز کے تقاضے کے نصف سے بھی کم ہے۔

مزید پڑھیں:  بین الاقوامی قانونی حیثیت کیلئے طالبان کو وعدے پورے کرنا ہوں گے، میتھیو ملر