بنگلا دیش کشتی میں آگ لگنے

بنگلا دیش ،کشتی میں آگ لگنے سے 37 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بنگلا دیش میں کشتی میں آگ لگنے سے37 افراد ہلاک جبکہ 100سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ جمعہ کی صبح پیش آیا جہاں جنوبی بنگلادیش میں ایک کشتی میں آگ لگ گئی جس میں اب تک 37 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد اب تک 37 افراد کی نعشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں سے کچھ افراد جھلسنے اور کچھ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈھاکا سے 250 کلو میٹر دور جھلوکٹھی سے گزرنے والی اس کشتی میں تقریبا 500 افراد سوار تھے، تین منزلہ کشتی نے سفر کے دوران دریا کے بیچ میں آگ پکڑلی جس کے بعد متعدد افراد نے دریا میں چھلانگ لگادی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ کشتی میں آگ انجن روم سے لگی اور کشتی ڈھاکا واپس جارہی تھی، حادثے میں زخمی ہونے والے 100 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے ۔انتظامیہ زرائع نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔