ٹھنڈا ٹھار موسم

طویل خشک سالی کے بعد کہیں بارش، کہیں برفباری، موسم ٹھنڈا ٹھار ہوگیا

طویل خشک سالی کے بعد پاکستان کے بیشترعلاقوں میں کہیں بارش اور کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹھنڈی ہواوں نے موسم کا رخ بدل دیا۔

چمن اور کوئٹہ سمیت بلوچستان میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ،بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ جنوبی پنجاب میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں 52 سالہ سردی کا ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان

بلوچستان کےعلاقے زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں پہاڑوں نے سفیدی اوڑھ لی جس سے سیاح جھوم اُٹھے،محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں برف باری اور بارش برسانے والا یہی سسٹم آج اور کل کراچی میں بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔ بلوچستان میں بارشوں سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کی وارننگ بھی دی گئی ہے ۔

مزید پڑھیں:  کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرنے کا فیصلہ

جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ لاہور میں ہربنس پورہ ، جلو موڑ ، باٹا پور ، واہگہ میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گی ۔ میلسی، اوچ شریف، فورٹ عباس، لیہ،علی پوراور راجن پور میں بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں چشتیاں ، سرائے مغل ، اوکاڑہ ، گگو منڈی ، فقیر والی ، جنڈیالہ شیر خان ، شیخ پورہ ، بہاولنگر ، سانگلہ ہل میں بھی بادل برسے ۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد ہائیکورٹ، خطوط کے معاملے پر ججز سے تجاویز طلب

محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش سے اسموگ اور دھند میں کمی ہو گی ۔ کراچی، سکھر اور میر پور خاص سمیت کئی شہروں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔